dushwari

کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی سکیورٹی کے ماہرین نے سائبر حملے کا توڑ دریافت کرنے کا کیا دعویٰ

لندن29؍ جون 2017(فکروخبر/ذرائع)کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی سکیورٹی کے ماہرین نے اس بڑے سائبر حملے کا توڑ دریافت کرنے کا دعویٰ کیا ہے جس نے منگل کو دنیا بھر میں اداروں کو متاثر کیا تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ توڑ ایک فائل ہے جو وائرس کو کسی مشین کو متاثر کرنے سے روک سکتی ہے، تاہم ماہرین ابھی تک وہ ’کل سوئچ‘ تلاش کرنے میں ناکام رہے ہیں جو اس ’رینسم ویئر‘ کے پھیلاؤ کو مکمل طور پر روک سکے۔ وہ تاحال یہ بھی نہیں جان سکے ہیں کہ یہ سائبر حملہ کہاں سے شروع ہوا اور اس کا اصل مقصد کیا ہے۔

سائبر حملہ کرنے والوں نے لاک کی گئی مشینیں کھولنے کے لیے فی مشین 300 ڈالر کی رقم طلب کی ہے جس سے یہ خیال بھی گردش کر رہا ہے کہ یہ حملہ کسی بڑی کارروائی کا پیش خیمہ ہے۔ اس سائبر حملے کے متاثرین میں یوکرین کا مرکزی بینک، روسی کمپنی راسنیفٹ اور برطانوی اشتہاری کمپنی ڈبلیو پی پی سمیت کئی بڑے ادارے بھی شامل ہیں۔ اب ماہرین نے کہا ہے کہ اس حملے کو صرف ایک فائل تشکیل دے کر روکا جا سکتا ہے، تاہم یہ رکاوٹ صرف اسی مشین تک محدود ہو گی جس پر یہ فائل بنائی جائے گی۔ ماہرین کے مطابق اگر کمپیوٹر کے ونڈوز فولڈر میں ’perfc‘ کے نام سے ایک ’ریڈ اونلی‘ فائل بنا کر رکھ دی جائے تو اس سے یہ حملہ رک جائے گا۔ یہ خیال انٹرنیٹ سکیورٹی کی ویب سائٹ بلیپنگ کمپیوٹر کی جانب سے پیش کیا گیا ہے اور کئی ماہرین نے اس کی تصدیق کی ہے۔کمپیوٹر سائنسداں پروفیسر ایلن وڈورڈ کا کہنا ہے کہ اس فائل سے وہ کمپیوٹر اپنی حد تک تو وائرس سے محفوظ رہے گا، تاہم اس سے وائرس کے نیٹ ورک پر موجود دیگر کمپیوٹرس تک پھیلاؤ کو روکا نہیں جا سکتا۔ اس نئے ’رینسم ویئر‘ وائرس کے پھیلاؤ کی شرح گزشتہ ماہ کے ’وانا کرائی‘ وائرس کے مقابلے بہت سست ہے کیونکہ اس کے کوڈ کے تجزیہ سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ نیا وائرس اس نیٹ ورک سے باہر پھیلاؤ کی صلاحیت نہیں رکھتا جس میں اسے انسٹال کیا گیا ہو۔ اسی وجہ سے ماہرین کا کہنا ہے کہ تاوقتیکہ اسے بہتر بنایا جائے اس کے مزید پھیلاؤ کا خدشہ نہیں ہے۔(یواین آئی)

Urdu-Arabic-Keybaord11

ISLAMIC-MESSAGES