dushwari

ایران عرب نوجوانوں کو دہشت گردی کا ایندھن بنانے میں ملوث(مزید اہم ترین خبریں)

العربیہ نے ایرانی ٹریننگ سینٹرز بے نقاب کردیے

ایران/ریاض ۔ 21جنوری(فکروخبر/ذرائع)#سعودی_عرب نے پہلی بار #ایران کی #پاسداران_انقلاب کی جانب سے خلیجی ممالک کے نوجوانوں کو دہشت گردی کا ایندھن بنانے کی سازش کا پردہ چاک کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ایران کس طرح عرب ملکوں میں مداخلت کر کے یہاں کے نوجوان طبقے کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرتا چلا آ رہا ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے حال ہی میں ایرانی پاسداران انقلاب کے حوالے سے چشم کشا انکشافات کیے ہیں اور بتایا ہے کہ ایران منظم حکمت پالیسی کے تحت مشرق وسطیٰ میں فتنہ و فساد کو فروغ دینے،

نوجوانوں کو بھرتی کر کے انہیں عسکری تربیت دینے اور بعد ازاں انہیں دہشت گردی جیسے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرتا رہا ہے۔ اس مکروہ ایرانی حربے میں ایران کی طاقت ور فورج پاسداران انقلاب کے بیرون ملک سرگرم عناصر پیش پیش ہیں۔
سعودی عرب کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی رجیم خلیج تعاون کونسل کے رُکن ممالک میں مذہبی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے نوجوانوں کے مذہبی جذبات کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرتا رہا ہے۔ نوجوان طبقے کو دوسرےممالک کے ذریعے ایران پہنچانے اور بغیر ویزے کے انہیں ایران لے جا کر خفیہ طریقے سے دہشت گردی کی تربیت دینے کے ہتھکنڈوں پرعمل پیرا رہا ہے۔ جہاں ایران نوجوانوں کے مذہبی استحصال میں ناکام رہا وہاں خلیجی ملکوں کے باشندوں کو اغواء کر کے انہیں تہران پہنچایا گیا۔ بعد ازاں انہیں خلیجی ملکوں میں دہشت گردی کے مقاصد کے لیے بھیجا۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ نے ایران میں ایسے ٹریننگ سیںٹرز کا پتا چلا ہے جہاں خلیج سے مختلف حربوں کے ذریعے لائے گئے عرب نوجوانوں کو فوجی تربیت دینے کے بعد واپس ان کے ملکوں کو بھیجا جاتا ہے۔ ویسے تو پورے ایران میں ایسے ان گنت خفیہ اور علانیہ ٹریننگ سینٹرز موجود ہیں مگران میں اہم ترین سینٹرز میں شمالی تہران میں واقع اما علی، مغربی تہران کے کرج شہر میں امیر المومنین  اور شیراز شہر میں مرصاد نامی ٹریننگ سینٹر خاص طورپر مشہور ہیں۔ مرصاد میں #افغانستان اور #چیچنیا سے لائے گئے اجرتی قاتلوں کو رکھا جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کے عرب ممالک کے نوجوانوں کی تربیت کے لیے قائم مراکز میں صرف ایران کے اندر کے واقع مراکز ہی شامل نہیں #لبنان اور شام سمیت کئی دوسرے ملکوں میں بھی پاسداران انقلاب کے ٹریننگ سینٹر چل رہے ہیں۔ شمالی لبنان میں بعلبک شام میں حمص شہرمیں موجود ایرانی ٹریننگ سینٹرز کے علاوہ جزیرہ دھلک کی عصب بندرگاہ، وینز ویلا اور لاطینی امریکا میں کولمبیا جیسے ممالک تک ایران کے ٹریننگ سینٹرز پھیلے ہوئے ہیں۔پاسداران انقلاب کے ان ہمہ نوع مراکز کے نتائج اس وقت سامنے آئے جب سنہ 2001ء میں خلیج تعاون کونسل کے رکن ملکوں سعودی عرب، بحرین اور کویت میں یکے بعد دیگر کئی ایسے خفیہ سیل پکڑے گئے جنہیں مبینہ طور پر پاسداران انقلاب کے مرکز میں تربیت دی گئی تھی۔پاسداران انقلاب کی سب سے زیادہ مداخلت بحرین میں سامنے آئی جہاں کے سیکیورٹی اداروں نے ایرانی تربیت یافتہ دہشت گردوں کے کئی گروپ بے نقاب کرتے ہوئے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا۔بحرین میں پکڑے گئے دہشت گردوں نے اعتراف کیا کہ اُنہیں ایران پاسداران انقلاب کے اہلکار انہیں تربیت دیتے رہے ہیں۔ انہیں تربیت دی اسی لیے گئی تاکہ خلیجی ممالک میں افراتفر پھیلانے کے لیے اہم تنصیبات پر حملے کیے جائیں اور پرتشدد مظاہروں کے ذریعے عرب ممالک کی املاک کو نقصان پہنچایا جائے۔
سنہ 2011ء میں بحرین کے صدر مقام میں منامہ میں الؤلؤۃ چوک کے مقام پر کی گئی کارروائی میں ملوث دہشت گردوں نے اعتراف کیا کہ انہیں ایرانی پاسداران انقلاب نے #تہران میں سعودی شہریوں کے ہمراہ عسکری تربیت فراہم کی تھی جس کا مقصد بحرین اور سعودی عرب کے سیکیورٹی اداروں کی اہم شخصیات اور سرکاری تنصیبات کو نشانہ بنانا تھا۔ سنہ 2013ء میں عرب ممالک میں ایران کی سیاسی مداخلت کو انقلابی نہج میں تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی۔ عرب ممالک میں کی جانے والی کارروائیوں میں ملوث عناصر نے اعتراف کیا انہیں ایرانی عہدیدار عرب ممالک کی جاسوسی، بم تیار کرنے اور بارودی مواد کو دھماکوں سے اڑانے کی تربیت فراہم کی تھی۔مارچ 2015ء میں مغربی سفارت کاروں نے انکشاف کیا کہ جنوبی شام میں ایرانی پاسداران انقلاب کے مراکز موجود ہیں جہاں #یمن کے #حوثی باغیوں کو جنگی تربیت مہیا کی جاتی ہے،اٹلی کی خبر رساں ایجنسی آکی کی رپورٹ کے مطابق درعا گورنری میں بصریٰ اور اذرع کے مقامات پر ایک سو حوثی جنگجوؤں کو عسکری تربیت مہیا کی گئی۔
بیرون ملک ایران کی عسکری سرگرمیوں کی رپورٹس کے جلو میں پاسداران انقلاب کے چیف جنرل محمد علی جعفری کا بیان بھی اہمیت کا حامل ہے۔ حال ہی میں انہوں نے اعتراف کیا کہ پانچ ملکوں عراق، شام، یمن، پاکستان اور افغانستان میں پاسداران انقلاب کے تربیت یافتہ دو لاکھ جنگجو موجود ہیں۔


سنگار پور ٗ پولیس نے27بنگلہ دیشی شہریوں کو گرفتار کر لیا

سنگا پور ۔21جنوری(فکروخبر/ذرائع)سنگار پور میں پولیس نے دہشتگردی کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی منصوبہ بندی کرنے کے الزام میں 27بنگلہ دیشی شہریوں کو گرفتار کر لیا۔سنگار پور محکمہ داخلہ کے بیان کے مطابق یہ افراد ایک کنسٹرکشن انڈسڑی میں کام کرتے تھے اور انہیں گزشتہ دسمبر میں مختلف کاروایؤں کے دوران گرفتار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حراست میں لئے گئے افراد کا تعلق مبینہ طور انتہاء پسند تنظیموں سے ہے اور انکے خلاف قانونی کاروائی کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیشی شہریوں کے ورک پرمٹ منسوخ کر دئیے گئے ہیں۔


سعودی عرب نے جوہری ہتھیار حاصل کیے تو این پی ٹی نتائج کی تمام اقسام کو بھگتنا ہو گا ٗامریکہ کی دھمکی 

امکان ہے سعودی عرب پاکستان سے ایٹمی بم خریدے ٗ امریکی وزیر خارجہ 

واشنگٹن۔21جنوری(فکروخبر/ذرائع)امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ اگر سعودی عرب نے جوہری ہتھیار حاصل کیے تو اسے این پی ٹی نتائج کی تمام اقسام کو بھگتنا ہو گا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ عالمی طاقتوں کے جوہری معاہدے کے بعد سعودی عرب کے حوالے سے ایسے خدشات سامنے آرہے ہیں کہ جوہری بم خرید سکتا ہے اور قوی امکان ہے کہ وہ یہ بم پاکستان سے خریدے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سعودی عرب نے ایسا کیا تو اسے این پی ٹی کے تمام نتائج کا بھی سامنا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ جوہری بم ہونے سے سعودی عرب زیادہ محفوظ نہیں بن جائے گا۔


دہشتگرد پاکستان کی نئی نسل کے مستقبل کو ہدف بنا رہے ہیں ،یہ خاص طور پر تشویشناک ہے،امریکہ

واشنگٹن۔21جنوری(فکروخبر/ذرائع) امریکہ نے چارسدہ میں یونیورسٹی پر حملے کی ایک بار پھر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد پاکستان کی نئی نسل کے مستقبل کو ہدف بنانا چاہتے ہیں اور یہ بات خصوصی طور پر پریشان کن ہے ، پاکستان اور افغانستان میں حملے خطے کو درپیش دہشت گردوں کے خطرے کو ظاہر کرتے ہیں،امریکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے ۔امریکی محکمہ خارجہ کیمعاون ترجمان مار سی ٹونر نے اپنے بیان میں چارسدہ میں باچا خان یونیورسٹی پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔انھوں نے کہا کہ یہ بات خصوصی طور پر پریشان کن ہے کہ یہ دہشت گرد اب بھی تعلیمی اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں، اور یوں، پاکستان کی آئندہ کی نسل کے مستقبل کو ہدف بنا رہے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ ملک کو محفوظ، مستحکم اور خوش حال بنانے کی کوششوں میں امریکہ پاکستان کی حکومت اور عوام کی حمایت جاری رکھے گا، اور یہ کہ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ صدمے کی اِس گھڑی میں ہم ہلاک شدگان کے لیے دلی تعزیت اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ادھر امریکی قومی سلامتی کونسل نے بھی چارسدہ حملے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قابل مذمت حملے دہشت گردوں کی طرف سے خطے کی سلامتی اور خوشحال مستقبل کو درپیش خطرات کو اجاگر کرتے ہیں۔امریکہ کی قومی سلامتی کونسل نے چارسدہ یونیورسٹی اور افغانستان میں میڈیا کی ایک بس پر ہونے والے دہشت گرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ایک بیان میں قومی سلامتی کونسل کا کہنا تھا کہ پاکستان میں طلبا و اساتذہ اور افغانستان میں میڈیا کے نمائندوں پر قابل مذمت حملے دہشت گردوں کی طرف سے خطے کی سلامتی اور خوشحال مستقبل کو درپیش خطرات کو اجاگر کرتے ہیں۔بیان میں کونسل نے ان حملوں میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم انتہا پسندی و دہشت گردی کے خلاف خطے کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔وائٹ ہاؤس نے بھی پاکستان اور افغانستان میں حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان اور افغانستان میں حملے خطے کو درپیش دہشت گردوں کے خطرے کو ظاہر کرتے ہیں۔


برازیل میں ذکا وائرس سے متاثرہ 5 بچے ہلاک

ریوڈی جنیرو ۔ 21 جنوری (فکروخبر/ذرائع) برازیل میں ذکا وائرس سے متاثرہ 5بچے ہلاک ہوگئے۔برازیل کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ملک کے شمال مغربی حصے میں ذکا وائرس سے متاثرہ 5بچے ہلاک ہوگئے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ ابھی تک 224افراد میں ذکا وائرس کی تصدیق کی جا چکی ہے۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ذکا وائرس کے باعث نئے پیدا ہونے والے بچے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں اور اس وائرس سے بچوں کی دماغی نشوونما شدید متاثر ہو رہی ہے۔واضح رہے کہ ذکا وائرس سے متاثرہ ماں سے پیدا ہونے والا بچہ پیدائشی طور پر اس وائرس کا شکار ہو جاتا ہے اور اس کے دماغ کی نشوونما محدود اور سائز چھوٹا رہ جاتا ہے۔


نظام شمسی میں نویں سیارے کی موجودگی کا امکان

واشنگٹن ۔ 21 جنوری (فکروخبر/ذرائع) امریکی سائنسدانوں نے ہمارے نظام شمسی میں نویں سیارے کی موجودگی کے امکان کا اظہار کیا ہے ۔ امریکا کے کیلیفورنیا انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس سیارے کو ابھی تک براہ راست نہیں دیکھا جاسکا تاہم میتھیمیٹکل ماڈلنگ اور کمپیوٹر سمولیشن سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ اس سیارہ کی کمیت زمین سے 10گنا زیادہ ہے ۔ سورج کے گرد گردش کیلئے اس سیارے کا مدار بہت زیادہ بیضوی ہے اور زمین کے سورج کے گرد ایک سال میں ایک چکر کے مقابلہ میں اس سیارے کو سورج کے گرد اپنا ایک چکر مکمل کرنے کیلئے 10ہزار سے 20ہزار سال لگتے ہیں۔ واضح رہے کہ امریکی ماہرین کی اسی ٹیم نے قبل ازیں یہ انکشاف کیا تھا کہ پلوٹو کی جسامت اس قدر کم ہے کہ اسے ایک سیارہ قرار نہیں دیا جا سکتا اور نظام شمسی میں پلوٹو سے بھی بڑا ایک سیارہ موجود ہے تاہم 2006ء میں انٹر نیشنل اسٹرونومیکل یونین نے سیارے کی نئی تعریف کا تعین کیا جس کے تحت پلوٹو اور نئے دریافت شدہ جرم فلکی کو سیارے کے درجے سے نکال دیا گیا۔


وسطی افریقہ جمہوریہ کی نصف آبادی بھوک کا شکار ہے، ڈبلیو ایف پی 

نیو یارک ۔ 21 جنوری (فکروخبر/ذرائع) وسطی افریقہ جمہوریہ کی نصف آبادی بھوک کا شکار ہے ۔ یہ بات اقوام متحدہ کے عالمی غذائی پروگرام (ڈبلیو ایف پی) کے عہدیدار گائے آڈوا کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہی گئی۔ بیان کے مطاب ملک میں گذشتہ 3سال سے جاری تنازعات اور عدم تحفظ کے نتیجہ میں بھوک کا شکار لوگوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ ایک سال کے دوران یہ تعداد سو فیصد اضافے کے ساتھ 25لاکھ تک پہنچ گئی ہے جو کل آبادی کا نصف ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ملک میں لوگوں کی بڑی تعداد اپنا سب کچھ بیچ چکی ہے ۔ والدین نے بچوں کو سکول بھیجنا بند کر دیا ہے اور بھیک مانگنے پر مجبور ہیں۔ 33 فیصد آبادی کو یہ علم نہیں ہوتا کہ انہیں آئندہ وقت کا کھانا کہاں سے ملے گا ۔ غذائی قلت کی ایک اور وجہ کا شتکاروں کی مشکلات ہیں جن میں عدم تحفظ کی وجہ سے اپنی فصلوں کو تیار حالت میں چھوڑ کر بے گھر ہو جانا سرفہرست ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ادارے کو غذائی قلت کا شکار افراد کو جون 2016ء تک غذائی اشیاء فراہم کرنے کیلئے 41ملین ڈالر درکار ہیں۔


سارہ پالین کا بیٹا گرل فرینڈ پر تشدد کے جرم میں گرفتار 

واشنگٹن ۔ 21 جنوری (فکروخبر/ذرائع) امریکی سیاستدان اور سابق صدارتی امیدوار سارہ پالین کے بیٹے کو اپنی گرل فرینڈ پر تشدد کے جرم میں گرفتار کر لیا گیا۔ امریکی میڈیا نے پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ٹریک ،جس کی عمر 26سال ہے ،سارہ پالین کا سب سے بڑا بیٹا اور سابق فوجی ہے ۔اسے ریاست الاسکا کے مقام وازیلا سے گرفتار کیا گیا۔ اس نے کسی بات پر اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ سخت جھگڑے کے دوران اپنی رائفل نکالنے کے بعد اسے اور خود کو مارنے کی دھمکیاں دیں ۔ پولیس کے مطابق جھگڑے کے وقت وہ نشے میں دھت تھا اور اس نے جھگڑا گرل فرینڈ کے گھر جا کر اس کی ماں کے سامنے کیا۔


بچوں کی دیومالائی کہانیوں کی تاریخ ہزاروں سال پرانی ہے، تحقیق 

لندن ۔ 21 جنوری (فکروخبر/ذرائع) نئی تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ بچوں کی دیومالائی کہانیوں کی تاریخ ہزاروں سال پرانی ہے۔ برطانیہ کی درہم یونیورسٹی اور نیو یونیورسٹی لزبن کی تحقیق کے مطابق کہانی ’’ بیوٹی اینڈ دابیسٹ ‘‘ 4ہزار سال پرانی کہانی ہے جو نسل در نسل منتقل ہوتی آ رہی ہے ۔ ان کہانیوں کو لکھنے کے دور سے بہت پہلے اخذ کیا گیا اور وہ زبانی کلامی سینہ بہ سینہ منتقل ہوتی رہیں۔ کہانی ’’ سمتھ اینڈ دی ڈیول ‘‘ 6ہزار سال پرانی ثابت ہوئی ہے۔


چین میں سردی کی شدت کا 30سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، درجہ حرارت منفی 28ڈگری ریکارڈ

بیجنگ۔21جنوری(فکروخبر/ذرائع)چین میں سردی کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا اور درجہ حرارت منفی 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چین میں شدید سردی پڑنے کے بعد تمام اسکول بند کردیئے گئے جب کہ امدادی ٹیموں کو ہروقت تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔چین کے مختلف شہروں میں شدید سردی کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا اور کم سے کم درجہ حرارت منفی 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ منگولیا کے یاکیشی میں منفی 28 ڈگری، ژن جیانگ کے مغربی حصے میں منفی 26، شمال مشرقی صوبے ہیلونجیانگ میں منفی 19، چنگچن میں درجہ حرارت منفی 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔بیجنگ کے محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے سے شرو ع ہونے والی سردی کی لہر جنوبی علاقوں میں مزید 4 روز برقرار رہنے کا امکان ہے اور اس دوران درجہ حرارت منفی 17 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی پیشگوئی ہے، جب کہ چین کے دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ سرد صوبے ژی جیانگ میں ییلو الرٹ کا اعلان کرتے ہوئے تمام اسکول بند کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔


امریکا میں شدید برفباری سے نظام زندگی معطل

رواں ہفتے مزید برفباری کا امکان ہے،محکمہ موسمیات

واشنگٹن۔21جنوری(فکروخبر/ذرائع)امریکا میں برفباری نے نظام زندگی درہم برہم کردیا تاہم شدید برفباری میں بھی امریکی صدر اپنی مصروفیات جاری رکھے ہیں ۔ صدر اوباما شدید سردی اور برف باری کے باوجود اپنے کاموں میں مصروف ہیں ، ائیر پورٹ پر برفباری میں امریکی صدر جہاز سے اتر رہے ہیں ، شمالی کیرولینا ، اوہایو ، شمالی جارجیا اور ٹینیسی ان دنوں شدید برفباری کی لپیٹ میں ہیں ۔ سڑکوں پر برف پڑنے کی وجہ سے ٹریفک کا نظام بھی متاثر ہوا ۔ محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے مزید برفباری کی پیش گوئی کی ہے ۔ 

Urdu-Arabic-Keybaord11

ISLAMIC-MESSAGES