dushwari

ایران نے سمندری حدود کی خلاف ورزی پر امریکہ کی دو بحری کشتیوں اور10فوجیوں کو گرفتار کرلیا(مزید اہم ترین خبریں )

واشنگٹن ۔ 13 جنوری (فکروخبر/ذرائع)ایران نے سمندری حدود کی خلاف ورزی پر امریکہ کی دو بحری کشتیوں کو تحویل میں لیتے ہوئے 10فوجیوں کو گرفتار کرلیا۔ امریکی حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاہے اس کی دو بحری کشتیاں اور عملے کے دس افراد ایرانی تحویل میں ہے۔حکام کے مطابق امریکی کشتیوں پر ایران کے قبضے کا واقعہ خلیجِ فارس کے جزیرہ فارس میں اس وقت پیش آیا جب دو میں سے ایک کشتی میں تکنیکی خرابی ہوگئی۔ایک امریکی عہدے دار نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ ایران نے کشتیوں کو خلیج فارس میں روکنے کے بعد ان میں موجود دس افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔انھوں نے بتایا کہ کویت سے بحرین جانے والے دو چھوٹے بحری جہازوں سے ہمارا رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔

امریکی عہدے دار کے مطابق ایران نے بتایا ہے کہ امریکی عملہ محفوظ ہے اور انھیں ’فوری طور پر اپنا سفر جاری رکھنے کی اجازت دی جائے گی تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ایران امریکی کشتیوں کو کب چھوڑے گا۔اس واقعے کے بعد امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری نے اپنے ایرانی ہم منصب جواد ظریف کو فون کیا اور ان سے اس معاملے پر بات چیت کی۔ فارس نیوزکے مطابق ایرانی پاسدرانِ انقلاب نے ایک خاتون اور نو مردوں کو حراست میں لیا ہے جنھوں نےایران کی سمندری حدود کی خلاف ورزی کی تھی 


جنوبی سوڈان کے نصف سے زائد بچے تعلیم سے محروم ہیں، اقوام متحدہ 

اقوام متحدہ ۔ 13 جنوری (فکروخبر/ذرائع) بچوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے اقوامِ متحدہ کے ادارے یونیسیف نے کہا ہے کہ جنوبی سوڈان کے نصف سے زائد بچے تعلیم سے محروم ہیں ۔گزشتہ روز جاری ایک رپورٹ کے مطابق نائجر کا نمبر دوسرا ہے جہاں کے 47 فیصد بچے سکول نہیں جا پاتے۔ اس کے بعد سوڈان کا نمبر آتا ہے جہاں یہ تناسب 41 فیصد ہے جبکہ افغانستان کے 40 فیصد بچے سکول نہیں جاتے۔یونیسیف کا کہنا ہے کہ جنگ زدہ ممالک میں دس کروڑ 90 لاکھ بچے ہیں جن میں سے دو کروڑ 40 لاکھ بچے سکول نہیں جاتے۔لڑائی کے آغاز سے پہلے بھی جنوبی سوڈان کے 14 لاکھ بچے سکول نہیں جاتے تھے۔ادارے کا کہنا ہے کہ جب سے جنگ شروع ہوئی تب سے 800 سکول تباہ ہو چکے ہیں اور چار لاکھ سے زائد بچے اپنے کلاس رومز سے محروم ہو چکے ہیں۔جنوبی سوڈان میں تعلیم کے لیے یونیسف کی سربراہ کا کہنا ہے کہ جنوبی سوڈان کہ ہر دس میں سے صرف ایک بچہ اپنی پرائمری تعلیم حاصل کر پاتا ہے اور یہاں تعلیم کے لیے بجٹ بھی بہت کم ہے۔ 


گن کنٹرول کے لیے نیویارک میں خصوصی عدالتیں

نیویارک ۔ 13 جنوری (فکروخبر/ذرائع) امریکی ریاست نیویارک میں بندوق سے ہونے والے تشدد پر قابو پانے کے لیے خصوصی عدالتیں اور نیا پولیس یونٹ قائم کیا جا رہا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق شہر کے میئر بل ڈی بلاسیو کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ اسلحے کے استعمال سے متعلق کیسز سے جلد ازجلد اور بہتر انداز میں نمٹا جا سکے۔توقع کی جا رہی ہے کہ عدالتیں اپنا کام رواں ہفتے ہی شروع کریں گی جبکہ پولیس کے نئے یونٹ میں 200 افسران بھرتی کیے جائیں گے۔خیال رہے کہ خصوصی عدالتوں اور پولیس یونٹ کے قیام کا اعلان صدر اوباما اس بیان کے ایک ہفتے بعد آیا ہے جس میں انھوں نے کہا تھا کہ بندوق سے پھیلنے والے تشدد کو روکنے کے لیے یکطرفہ فیصلہ کریں گے۔


کوسٹاریکا میں پھنسے کیوبا کے 180 شہری ملک واپسی کیلئے تیار

ہوانا ۔ 13 جنوری (فکروخبر/ذرائع) کوسٹاریکا میں پھنسے کیوبا کے 8000 میں سے 180 شہری ملک واپسی کیلئے تیار ہیں اور وہ ایل سلوا ڈور اور وسطی امریکہ کے راستے واپس آئینگے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ برس امریکہ اور کیوبا کے درمیان سردمہری کے خاتمے اور سفارتی روابط کے آغاز کے بعد کیوبا کے شہری بڑی تعداد میں بہتر مستقبل کیلئے امریکہ کا رخ کررہے ہیں ۔ اکثر کا کہنا ہے کہ حکمرانو ں نے ہم سے جن اصلاحات اور خوشحالی کا وعدہ کیا تھا وہ اس میں ناکام ہوگئے ہیں اس لیے ہم اپنے بہتر مستقبل کی تلاش میں ہیں۔یاد رہے کہ یہ افراد وسطی امریکہ کے راستے امریکہ کا طویل سفر کرتے ہیں۔


برطانوی خلاء باز ٹم پیک بین الاقوامی خلائی مرکز میں خراب ہونے والے پاور یونٹ کو کل تبدیل کرینگے

میامی ۔ 13 جنوری (فکروخبر/ذرائع) ناسا نے کہا ہے کہ برطانوی خلاء باز ٹم پیک انٹرنیشنل سپیس سنٹر میں خراب ہونے والے پاور یونٹ کو کل (جمعہ کو) تبدیل کرینگے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق خلائی تحقیق کے امریکی ادارہ ناسا کے حکام کا کہنا ہے کہ برطانوی خلاء باز ٹم پیک جمعے کو بین الاقوامی خلائی مرکز میں خراب ہونے والے پاور یونٹ کو تبدیل کرینگے اور اس کو تبدیل کرنے میں انہیں 6گھنٹے سے زائد کا وقت لگ سکتا ہے۔ناسا کے مطابق ٹم کے ہمراہ امریکی خلاء باز بھی ہونگے جو انہیں خراب شدہ پاور یونٹ کو تبدیل کرنے میں مدد فراہم کرینگے۔ناسا حکام کا کہنا ہے کہ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ پاور یونٹ کیسے خراب ہواہے تاہم خلاء بازوں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ خراب شدہ پاور یونٹ کو اندھیرے میں تبدیل کریں تا کہ کسی بھی قسم کے مزید نقصان سے بچا جا سکے۔


فرانس میں ایمرجنسی کو مزید طول دینا جمہوریت کے لئے خطرناک ہے،یورپین کونسل برائے انسانی حقوق

سٹراسبرگ ۔ 13 جنوری (فکروخبر/ذرائع) یورپین کونسل برائے انسانی حقوق نے کہا ہے کہ فرانسیسی حکومت کی جانب سے 13نومبر کے دہشتگردانہ حملوں کے بعد ملک بھر میں نافذ کردہ ایمرجنسی کو مزید طول دینا جمہوریت کے لئے خطرناک ہے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق یورپین کونسل برائے انسانی حقوق کے کمشنر نلس مزنیک کا کہنا ہے کہ ہم فرانس میں نافذ کردہ ایمرجنسی کا جائزہ لے رہے ہیں اور ہم یہ چاہتے ہیں کہ فرانس کی حکومت جلدازجلد ایمرجنسی کے احکامات کو واپس لیتے ہوئے اسے ختم کرے۔انہوں نے کہا کہ فرانس کی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے ایسے اقدامات جمہوریت کے لئے خطرہ ہیں اور ایمرجنسی کے نفاذکے بعد پولیس کی جانب سے جگہ جگہ چھاپوں کی وجہ سے ملک میں نسلی فسادات کے بھی شروع ہونے کا خدشہ ہے۔ واضح رہے کہ فرانس کے صدر نے 13نومبر کو ہونے والے دہشتگردانہ حملوں کے بعد ایمرجنسی نافذ کی تھی جو فروری کے اختتام تک رہے گی۔ ایمرجنسی لگانے کے بعد حکومت نے سکیورٹی فورسز کے اختیارات میں توسیع کرتے ہوئے بغیر عدالتی وارنٹ کے کہیں بھی چھاپہ مارنے کے اختیارات سیکیورٹی فورسز کو منتقل کر دیے تھے۔

Urdu-Arabic-Keybaord11

ISLAMIC-MESSAGES