dushwari

برمنگھم؛واحد ٹی ٹوئنٹی میں بھارت کو انگلینڈ کے ہاتھوں شکست

مورگن نے 31گیندوں پر 71رنز بنائے ،دھونی آخری 2گیندوں پر 5رنز نہ بناسکے

برمنگھم۔08ستمبر(فکروخبر/ذرائع )کپتان اوون مورگن نے انگلینڈ کو واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارت پر دلچسپ مقابلے کے بعد تین رنز سے فتحیاب کردیا، مورگن نے اکتیس گیندوں پر اکہتر رنز بنائے۔ دھونی آخری دو گیندوں پر پانچ رنز نہ بناسکے۔برمنگھم میں بھارت کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلش کپتان اوون مورگن نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ بیس اوورز میں سات وکٹیں کھو کر ایک سو اکیاسی رنز اسکور کئے۔ ایشون کے پہلے اوور میں انگلش اوپنرز نے سترہ رنز لوٹے لیکن چوراسی رنز پر ان کی چار وکٹیں گرگئیں۔

الیکس ہیلز نے اکیس گیندوں پر چالیس رنز کی عمدہ اننگ تین چھکوں اور تین چوکوں سے سجائی۔ کپتان اوون مورگن نے اکتیس گیندوں پر سات چھکوں اور تین چوکوں سے مزین دھواں دھار اکہتر رنز بنائے۔ روی بوپارہ نے نو گیندوں پر اکیس رنز جوڑے۔ بھارت کے محمد شامی نے تین پلیئرز کو ٹھکانے لگایا۔ جوابی اننگ میں بھارتی ٹیم ویرات کوہلی کے اکتالیس گیندوں پر شاندار چھیاسٹھ رنز کے باوجود پانچ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو ستتر رنز بناسکی۔


 

آسٹریلیا کاپاکستان کیخلاف تینوں فارمیٹ کے اسکواڈ کا اعلان

اسپنراسٹیواوکیفی اورآل راؤنڈرمچل مارش پندرہ رکنی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہیں

سڈنی۔08ستمبر(فکروخبر/ذرائع )کرکٹ آسٹریلیا نے آئندہ ماہ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کیخلاف سیریزکیلئے ٹیسٹ، ون ڈے اورٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔اسپنراسٹیواوکیفی اورآل راؤنڈرمچل مارش پندرہ رکنی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہیں۔ ہیمسٹرنگ انجری میں مبتلا کپتان مائیکل کلارک کے پاس مکمل فٹنس حاصل کرنے کیلئے چھ ہفتے ہیں لیکن ان کی ٹیسٹ سیریزمیں شرکت غیریقینی ہے۔ فلپ ہیوزکوبیک اپ بیٹسمین کے طورپراسکواڈ میں رکھا گیا ہے جبکہ گلین میکسویل اسپن بالنگ آل راؤنڈرکی حیثیت سے ٹیم میں شامل ہیں۔ چودہ رکنی ون ڈے اسکواڈ میں بائیس سالہ آل راؤنڈرسین ایبٹ کی شمولیت ہوئی ہے۔ تین ملکی سیریزمیں ٹیم کی نمائندگی کرنیوالے بین کٹنگ اورکین رچرڈسن کوڈراپ کردیا گیا ہے۔ جارج بیلی کی ریٹائرمنٹ کے بعد ٹی ٹوئنٹی میں آرون فنچ آسٹریلیا کی قیادت کریں گے۔ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں ان کیپ لیگ اسپنرکیمرون بوائس بھی شامل ہیں۔ پاکستان اورآسٹریلیا ایک ٹی ٹوئنٹی، تین ون ڈیاوردوٹیسٹ میچزکی سیریزکا آغازپانچ اکتوبرسے ہوگا۔


 

ٹیکساس میں ورلڈ ائیر ریس چمپیئن شپ کے دلچسپ مقابلوں کا اہتمام

فرنچ پائلٹ نکولس ایوانوف نے مقرر فاصلہ چون اعشاریہ ایک ایک سیکنڈز میں طے کر کے کامیابی حاصل کی 

ٹیکساس۔08ستمبر(فکروخبر/ذرائع ) امریکہ میں ہونے والے ورلڈ ایئر ریس چمپیئن شپ کے مقابلے مداحوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ امریکی ریاست ٹیکساس میں ایئر ریس چمپئین شپ کے دلچسپ مقابلوں میں پائلٹس نے خوب کرتب دکھائے۔ فرنچ پائلٹ نکولس ایوانوف شاندار کارکردگی کے باعث شائقین اور میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ نکولس ایوانوف مقررہ فاصلہ 54 اعشاریہ ایک ایک سیکنڈز میں طے کر کے سر فہرست رہے۔ برطانیہ کے نائیجل لیمب دوسرے نمبر پر رہے۔ جبکہ کینیڈا کے پیٹ میکلوڈ تیسری پوزیشن کے حقدار قرار پائے۔ 


 

سرینا ویلیمز نے یو ایس اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا

فتح کیساتھ سرینا نے 6 واں یو ایس اوپن اور 18 واں گرینڈ سلیم ٹائٹل اپنے نام کیا 

نیویارک۔08ستمبر(فکروخبر/ذرائع )یو ایس اوپن کے فائنل میں امریکی ٹینس سٹار سرینا ویلیمز نے ڈینش سٹار کیرولائن ووزنیا کی کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دی۔ اس فتح کیساتھ سرینا نے چھٹا یو ایس اوپن اور اٹھارواں گرینڈ سلیم ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔امریکی ٹینس سٹار سرینا ویلیمز نے ڈینش سٹار کیرولائن ووزنیا کی کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر چھٹا یو ایس اوپن اور اپنا اٹھارواں گرینڈ سلیم ٹائٹل جیت لیا ہے۔ فائنل میں سرینا نے 6۔3 اور 6۔3 سے کامیابی حاصل کی۔ 33 سالہ ولیمز کی یو ایس اوپن میں یہ مسلسل تیسری کامیابی ہے۔ سرینا کا اپنی کامیابی کے بعد کہنا تھا کہ جیت کا احساس انکے لیے بہت زبردست ہے۔ سرینا نے اس موقعے پر چالیس لاکھ ڈالر کا انعام بھی حاصل کیا۔ عالمی نمبر ایک اس کامیابی کے بعد دنیا کے ان چند کھلاڑیوں میں سے چوتھے نمبر پر ہیں جو دنیا کے بڑے مقابلوں کے فاتح ہیں اور اس میں مارٹینا نیوراتیلووا اور کرس ایورٹ بھی شامل ہیں۔


 

چین؛بلند ترین عمارت سر کرنے کیلئے عمودی میراتھن ریس کے سالانہ مقابلے 

بیجنگ۔08ستمبر(فکروخبر/ذرائع )چین میں دنیا کی بلند ترین عمارت کو سر کرنے کے لئے عمودی میراتھن ریس کے سالانہ مقابلے میں سینکڑوں کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ پولینڈ کے پائٹر لوبو ڈنسکی نے سب سے پہلے عمارت کی چھت پر پہنچ کر کامیابی حاصل کی۔چین کے دارالحکومت میں دنیا کی بلند ترین عمارت چائنا ورلڈ سمٹ ونگ ہوٹل کو سر کرنے کے مقابلے میں بیس ممالک کے چھ سو سے زیادہ کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ ایک ہزار بیاسی فٹ بلند عمارت کو سیڑھیوں کے راستے سر کرنے کے مقابلے کے لئے کھلاڑیوں کو عمر، جنس اور جسمانی اہلیت کے بنیاد پر تقسیم کیا گیا تھا۔ پولینڈ کے انتیس سالہ پائٹر لوبو ڈنسکی سب سے پہلے 330 میٹر بلند 82 منزلہ عمارت کی چھت پر پہنچ کر کامیابی حاصل کر لی۔ خواتین میں آسٹریلیا کی سوزی والشم نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔


 

فارمولا ون؛ لوئس ہملٹن نے اٹالین گراں پری کا ٹائٹل جیت لیا

روم۔08ستمبر(فکروخبر/ذرائع )اٹلی میں ہونیوالی فارمولا ون ریس میں دنیا کے بہترین ڈرائیورز جیت کے لیے پر جوش نظر آئے۔ برطانوی ڈرائیور لوئس ہملٹن شاندار پرفارمنس دکھاتے ہوئے پہلی پوزیشن پر رہے۔ انہوں نے مقررہ لیپس کا فاصلہ ایک گھنٹہ انیس منٹ دس اعشاریہ دو تین چھ سیکنڈز میں طے کیا۔ انتیس سالہ لوئس ہملٹن نے سیزن کی ریکارڈ چھٹی فتح سمیٹی۔ جس کے بعد انہوں نے کیرئیر میں ٹائٹلز کی تعداد بھی 28 کر لی ہے۔ جرمنی کے (Nico Rosberg) کی دوسری اور برازیل کے (Felipe Massa) کی تیسری پوزیشن رہی۔


 

ٹور ڈی سپین سائیکلنگ ریس ،چوہدواں مرحلہ کینیڈا کے ہیسجیڈال نے جیت لیا

دو سو اعشاریہ آٹھ کلومیٹرز پر مشتمل فاصلہ 5 گھنٹے 18 منٹ 10 سیکنڈز میں طے کر کے کامیابی حاصل کی 

سپین۔08ستمبر(فکروخبر/ذرائع ) ٹور دی سپین سائیکلنگ ریس کا 14 واں مرحلہ کینیڈا کے ہیسجیڈال نے جیت لیا۔ سپین کے البرٹو کونٹا ڈور کو ریس میں مجموعی برتری حاصل ہے۔ سپین میں جاری سائیکل ریس اپنے اختتام کی طرف گامزن ہے۔ ریس کا 14 واں مرحلہ 200 اعشاریہ 8 کلومیٹر کے فاصلے پر مشتمل تھا جس میں کینڈا کے ہیسجیڈال نے شاندار پرفارمنس دکھائی۔ ہیسجیڈال مقررہ فاصلہ 5 گھنٹے ،18منٹ10 سیکنڈز میں مکمل کر کے سرفہرست رہے۔ سوئس سائیکلسٹ اولیور زگ نے بھی خوب مہارت دکھاتے ہوئے دوسری پوزیشن اپنے نام کی۔ سپینش ایمانول ایرویٹی نے تیسرے نمبر پر فنش لائن کراس کی۔ ریس میں مجموعی طورپر دیکھا جائے تو میزبان ملک ہی کے البرٹو کونٹا ڈور کا ییلو جرسی پر قبضہ برقرار ہے۔

Urdu-Arabic-Keybaord11

ISLAMIC-MESSAGES