dushwari

ظہیر خان نے ٹیسٹ میچز میں وکٹوں کی ٹرپل سنچری مکمل کر لی،

جیک کیلس ان کا 300 واں نشانہ بنے

جوہانسبرگ ۔ 22 دسمبر (فکروخبر/ذرائع) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر ظہیر خان نے ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹوں کی ٹرپل سنچری مکمل کر لی، انہوں نے یہ سنگ میل جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں حاصل کیا، جیک کیلس ان کا 300 واں نشانہ بنے۔ اس طرح ظہیر خان تین سو وکٹیں حاصل کرنے والے چوتھے بھارتی باؤلر بن گئے ہیں۔ 35 سالہ ظہیر خان نے 2000 میں بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور اس وقت ان کا شمار دنیا کے بہترین فاسٹ باؤلرز میں ہوتا ہے۔

ظہیر خان فٹنس مسائل کی وجہ سے کافی عرصہ کرکٹ سے دور رہے، انجری سے نجات کے بعد ان کی جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ٹیم میں واپسی ہوئی، انہوں نے جوہانسبرگ میں کیریئر کا 89 واں ٹیسٹ کھیلا، میچ سے قبل انہیں وکٹوں کی ٹرپل سنچری مکمل کرنے میں 5 وکٹیں درکار تھیں، پہلی اننگز میں انہوں نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، دوسری اننگز میں انہوں نے جیک کیلس کو ایل بی ڈبلیو کرکے وکٹوں کی ٹرپل سنچری مکمل کی۔ اس طرح وہ تین سو وکٹیں حاصل کرنے والے چوتھے بھارتی باؤلر بن گئے ہیں۔ بھارت کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز انیل کمبلے کو حاصل ہے، انہوں نے 132 ٹیسٹ کھیل کر 619 وکٹیں حاصل کیں، کپل دیو 434 وکٹوں کے ساتھ دوسرے اور ہربھجن سنگھ 413 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

ہیملٹن ٹیسٹ، نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے ہرا کر سیریز 2-0 جیت لی،

روس ٹیلر مرد میدان قرار پائے

ہیملٹن۔22 دسمبر (فکروخبر/ذرائع) نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز 2-0 سے جیت لی۔ میزبان سائیڈ نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کی طرف سے دیا گیا 122 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ پہلی اننگز میں 131 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر روس ٹیلر کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو یہاں سیڈن پارک، ہیملٹن میں ٹیسٹ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ نے 122 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 6 رنز بغیر کسی نقصان کے اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے پہلا نقصان 33 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب پیٹر فلٹن 10 رنز بنانے کے بعد ڈیرن سیمی کا نشانہ بن گئے۔ اس موقع پر ہمیش ردرفورڈ اور کین ولیمسن نے عمدہ بیٹنگ کی اور 83 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 116 تک پہنچا دیا۔ ولیمسن 56 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد ویرا سیمی پرموئل کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ اس کے بعد ہمیش ردرفورڈ اور روس ٹیلر نے مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا اور اپنی ٹیم کو 8 وکٹوں سے فتح دلا دی۔ ردرفورڈ 48 اور ٹیلر 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ روس ٹیلر کو پہلی اننگز میں 131 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 367 رنز بنائے تھے، اس کے جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 18 رنز خسارے کے ساتھ 349 پر آؤٹ ہوگئی تھی تاہم دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی اور پوری ٹیم 103 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

انگلش آف اسپنر گریم سوان کا تمام طرز کی کرکٹ سے فوری ریٹائرمنٹ کا فیصلہ

میلبورن۔22 دسمبر (فکروخبر/ذرائع) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اسپنر گریم سوان نے تمام طرز کی کرکٹ سے فوری طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ 34 سالہ گریم سوان کی حالیہ ایشز سیریز میں کارکردگی مایوس کن رہی اور انہوں نے تین میچز میں صرف 7 وکٹیں حاصل کیں۔ انگلینڈ کو اس سیریز میں شکست ہوچکی ہے اور سوان نے اعلان کیا ہے کہ وہ سیریز کے بقیہ میچز میں حصہ نہیں لیں گے۔ برطانوی اخبار \" دی سن\" میں اپنے ہفتہ وار کالم میں انہوں نے لکھا کہ کہا جاتا ہے کہ کھلاڑیوں کو خود بخود پتا چل جاتا ہے کہ ریٹائر ہونے کا صحیح وقت کیا ہے اور مجھے ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں ایسا ہی محسوس ہوا، انہوں نے کہا کہ جب وہ ایشز سیریز کھیلنے کیلئے آسٹریلیا گئے تو انہیں یوں لگا یہ ان کی آخری سیریز ہے اور ایسا ہی ہوا۔ اب چونکہ ہم یہ سیریز جیت نہیں سکتے اس لئے میں نے اپنا ریٹائرمنٹ کا فیصلہ دو میچ قبل ہی کر لیا ہے۔ آف اسپنر گریم پیٹر سوان نے 2008 میں بھارت کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور میچ میں 4 وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے پانچ سالہ مختصر کیریئر میں 60 ٹیسٹ میچز میں 255 وکٹیں حاصل کیں، 79 ون ڈے میچز میں ان کی 104 وکٹیں ہیں۔

Urdu-Arabic-Keybaord11

ISLAMIC-MESSAGES