dushwari

وادی میں سردی کی شدیدلہر

سردی کی لہر جمعہ کی شام تک برقرار رہ سکتی ہے ۔۔محکمہ موسمیات 

سرینگر۔6 دسمبر2017(فکروخبر/ذرائع)وادی کشمیر میں درجہ حرارت میں گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ شمال وجنوب میں درجہ حرارت نکتہ انجماد سے گرجانے کے باعث میدانی علاقے بھی سردی کی شدیدلپیٹ میں آگئے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق سردی کی لہر پوری وادی میں جمعہ کی شام تک برقرار رہ سکتی ہے جس کے بعد برفباری اور بارشیں ہونے سے اس صورتحال میں تبدیلی کا امکان ہے۔شہر سرینگر میں بد ھ کی صبح سے موسم خشک رہا تاہم سنیچر اور اتوار کی درمیانی رات میں سردی میں نمایاں گراوٹ جاری رہی۔

سرینگر میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی3.3 ریکارڑ کیا گیا جوکہ پچھلی رات کے مقابلے میں اگرچہ قدرے بہتر ہے تاہم سردی کی لہر میں کمی واقع نہیں ہورہی ہے اور شہر میں نلکے اور پانی کے ذخیرے منجمد ہونے کی بنا پر واٹر سپلائی متاثر ہورہی ہے۔اس پر سونے پر سہاگہ محکمہ بجلی کی جانب سے بجلی کی سپلائی میں غیر اعلانیہ کٹوتی ہے جس کے نتیجے میں عام لوگ شدید مشکلات کے شکار ہورہے ہیں۔ادھرسیاحتی مقام گلمرگ میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی5.4ڈگری سیلسیس ریکارڑ کیا گیا جس سے شمالی علاقوں میں سردی کی شدت میں کافی اضافہ ہوا ہے۔جموں شہر میں کل درجہ حرارت 6. 4 ریکارڈ کیاگیا۔ادھر جنوبی کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں بھی درجہ حرارت متواتر طور گراوٹ کا شکار ہے۔ گذشتہ رات پہلگام میں رات کاکم سے کم درجہ حرارت3.8ڈگری سیلسیس رہا۔ادھر قاضی گنڈ اور جواہر ٹنل پر بھی درجہ حرارت متواترطور گراوٹ کا شکار ہے۔ بالائی علاقوں میں درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ کا نتیجہ میدانی علاقوں پر بھی پڑ رہا ہے اور وادی کے بیشتر پانی کے ذخیرے منجمد ہوگئے ہیں۔معروف ڈل جھیل کے کناروں پر یخ کی موٹی پرت جم گئی ہے جبکہ دیگر ندی نالوں میں بھی پانی جمنے کی خبریں موصول ہوگئی ہیں۔اس دوران محکمہ موسمیات نے اگلے چوبیس گھنٹوں تک موسم میں کسی خاص تبدیلی کو خارج کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہجمعہ کی شام تک وادی میں بارشوں اور برفباری کا امکان نظر نہیں آرہا ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ مغربی ہواؤں کا دباؤ بحیرہ عرب پر گذر رہا ہے اور امید ہے کہ اگلے چند روز میں ان کا رخ وادی کی طرف بھی آئے گا جس سے یہاں بھی بارشیں اور برفباری ہوسکتی ہے۔ادھر لداخ صوبے میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ جاری ہے جبکہ لیہہ میں درجہ حرارت منفی 13.6ڈگری ریکارڑ کیا گیا ہے۔

Urdu-Arabic-Keybaord11

ISLAMIC-MESSAGES