dushwari

آسام غیر ملکی شہریت تنازعہ:سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخ ساز: مولانا ارشد مدنی

نئی دہلی:05؍ڈسمبر20127(فکروخبر/ذرائع) سپریم کورٹ نے آج دواہم مقدمات میں اپنا تاریخ ساز فیصلہ سناتے ہوئے آسام میں غیر ملکی شہریت تنازعہ کو حل کرنے کی راہ کونہ صرف ہموار کر دیا ہے بلکہ فرقہ پرست اور متعصب عناصر کی سازشو ں کو بھی سبوتاژ کرڈالا۔ سپریم کورٹ نے آج آسام ہائی کورٹ کے اس فیصلہ کوخارج کر دیا جس میں اس نے شادی شدہ خواتین کی شہریت کے لئے پنچایت سرٹیفکیٹ کو بطور ثبوت تسلیم کرنے سے انکارکر دیا تھا ۔ اس سے27لاکھ خواتین کے سر پر لٹکی غیر ملکی شہریت کی تلوار ہٹ گئی ہے۔

اس کے علاوہ عدالت نے اپنے دوسرے انتہائی اہم فیصلہ میں کہا کہ این آرسی کا استعمال صرف ملکی اور غیر ملکی کی نشاندہی کے لئے ہے ،اس میں اصل مقیم کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ این آ ر سی ملکی اور غیر ملکی کی شناخت کے لئے بنایا گیا ہے ۔سپریم کورٹ کے اس فیصلہ پرخوشی کا اظہار کرتے ہوئے جمعیۃ علما ء ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی نے کہا کہ انہیں اپنی جماعتی زندگی میں اتنی خوشی پہلے کسی چیز پر نہیں ہوئی جتنی کہ آج سپریم کورٹ کے آسام سے متعلق اس فیصلہ پر ہوئی ہے۔ واضح ہو کہ ان دونوں ہی معاملوں میں جمعیۃ علما ہند بھی بطور مداخلت کار ایک فریق تھی ۔ جسٹس رنجن گوگوئی اور جسٹس روہنٹن نریمن کی دو رکنی بنچ نے آج آسام سے متعلق محفوظ دو انتہائی اہم مقدموں کا فیصلہ سنایا ۔ ان میں پہلا مقدمہ پنچایت سرٹیفکٹ دوسرا اصل مقیم (Original in Habitant ) کے تعلق سے تھا۔ سپریم کورٹ نے پنچایت سرٹیفکیٹ کو شہریت کا ثبوت تسلیم کرنے سے انکار کرنے والے آسام ہائی کورٹ کے فیصلے کو خارج کردیا اور پنچایت سرٹیفکیٹ کو بحال کرنے کی راہ صاف کر دی ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں استغاثہ کے وکلاء کی دلیل مان لی اور آسام ہائی کورٹ کے آرڈر کو خارج کردیا ۔ عدالت نے یہ کہا کہ پنچایت سرٹیفکٹ میں جس مواد کا اندراج ہے اگرشبہہ ہو تو دوبارہ چیک کرلیا جائے لیکن اس کے باوجود پنچایت سرٹیفکٹ باضابطہ طور پر تسلیم شدہ ہے۔عدالت کے اس فیصلے کے بعد تقریبا27لاکھ شادی شدہ خواتین کے سر پرلٹک رہی غیر ملکی شہریت کی تلوار ہٹ گئی ہے ۔ واضح ہو کہ آسام ہائی کورٹ کا یہ کہنا تھا کہ گرام پنچایت کاسرٹیفکٹ این آر سی کے لئے قابل قبول نہیں ہے ۔ آسام ہائی کورٹ کے اس فیصلے کے بعد وہاں 27لاکھ عورتوں کی شہریت مشکوک ہوگئی تھی۔ سپریم کورٹ میں جمعیۃعلماء ہند ، آمسو، اور خواتین کی دیگر تنظیموں کی جانب سے آسام ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف کئی اپیلیں داخل کی گئی تھیں۔ فضل ایوبی ایڈوکیٹ کے ذریعے دائر ان اپیلوں میں یہ کہا گیا تھا کہ پنچایت سرٹیکٹ کا قانونی درجہ تمام بحث مباحثہ کے بعد آسام حکومت نے منظورکیا تھا جس کو مرکزی حکومت کی تائید بھی حاصل تھی اور اسے رجسٹرار جنرل آف انڈیا نے نافذ کیا تھا۔ اس سرٹیفکٹ کو ہائی کورٹ کو خارج نہیں کرنا چاہئے تھا کیونکہ وہ نافذ ہوچکا تھا اور 47لاکھ خواتین نے سرکارپر بھروسہ کرکے اس پنچایت سرٹیفکیٹ کو حاصل کرکے داخل کیا تھا ۔ سپریم کورٹ میں جمعیۃعلماء ہند کی طرف سے سینئر وکلا ء نے بحث میں حصہ لیا جن میں کپل سبل ، سلمان خورشید ، سنجے ہیگڑے اور وویک کمارتنخواہ وغیرہ شامل تھے 

Urdu-Arabic-Keybaord11

ISLAMIC-MESSAGES