dushwari

نیتاجی سبھاش چندر بوس سے وابستہ خفیہ سو فائلیں منظرعام پر (مزید اہم ترین خبریں )

نئی دہلی۔ 23جنوری(فکروخبر/یو این آئی ) وزیراعظم نریندر مودی نے نیتاجی سبھاش چندر بوس سے وابستہ خفیہ 100فائلوں کو آج ان کی 119ویں سالگرہ پر عوام الناس کے لئے جاری کردیا جس کے بعد ان کی موت کے راز پر سے پردہ اٹھنے کا امکان ہے۔ مسٹر مودی نے نیشنل آرچیوز میں نیتاجی کے رشتہ داروں کی موجودگی میں ایک تقریب کے دوران ان فائلوں کی ڈیجیٹل کاپیاں جاری کیں۔ اس موقع پر وزیر ثقافت مہیش شرما اور شہری ترقیات کے وزیر مملکت بابل سپریو بھی موجود تھے۔وزیراعظم نے ساڑھے بارہ بجے نیشنل آرچیوز پہنچنے پر نیتاجی کے مجسمے پر پھولوں کے ہار چڑھا کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔

اس سے قبل انہوں نے پارلیمنٹ کے احاطہ میں نیتاجی کی تیل سے بنی تصویر پر گلہائے عقیدت پیش کئے جہاں نیتاجی کے کنبہ کے لوگ موجود تھے جو بعد میں نیشنل آرچیوز پہنچے۔مسٹر مودی نے آرکائیو میں نمائش میں پیش کئے گئے دستاویزات کو غور سے دیکھا اور اس کے بعد ان فائلوں کی ڈیجیٹل کاپیوں کو عوام کے لئے جاری کیا۔ اس موقع پر انہوں نے نیتا جی کے اہل خانہ سے کچھ دیر بات چیت بھی کی۔ خیال ر ہے کہ وزیر اعظم نے گزشتہ 14 اکتوبر کو اپنی رہائش گاہ پر نیتا جی کے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران یہ اعلان کیا تھا کہ حکومت نیتا جی سے وابستہ فائلوں کو عوام کے لئے جاری کرے گی۔فائلوں کو منظرعام پر لانے کے وزیر اعظم کے اعلان کے بعد وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ نے بھی اپنے پاس موجود فائلوں کو عام کرنے کا عمل شروع کر دیا تھا اور آرکائیو کو وہ فائلیں بھیج دی تھیں۔اس کے بعد گزشتہ چار دسمبر کو وزیر اعظم کے دفتر نے اپنے پاس موجود 33 فائلوں کو عام کرنے کے لئے قومی آرکائیو کے حوالے کر دیا تھا۔ آرکائیو شروع میں سو فائلوں کو عوام کے لئے جاری کر رہا ہے۔ ان فائلوں کو ڈیجیٹل بنایا گیا ہے اور انہیں اچھی طرح سے محفوظ بھی بنایاگیا ہے۔آرکائیو نے ہر ماہ پچیس فائلوں کی ڈیجیٹل کاپی عوام کے لئے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


بلاک پرمکھ کی ممکنہ خاتون امیدوار کو گولی ماری

سلطان پور۔23جنوری(فکروخبر/ذرائع )اترپردیش کے سلطان پور تھانہ دیہی علاقے میں چند افرادنے بلاک پرمکھ کی ممکنہ خاتون امیدوار راج کماری سونکر کو گولی مار دی۔ انہیں شدید زخمی حالت میں لکھنؤ بھیجا گیا ہے۔پولیس کے ذرائع نے بتایا کہ دوبے پور گاؤں کے رہنے والی راج کماری سونکر کو ان کے گھر کے نزدیک چند نامعلوم افراد نے گولی مار دی اور فرار ہوگئے۔ لواحقین انہیں پہلے سلطان پور ضلع اسپتال لے گئے جہاں تشویشناک حالت دیکھتے ہوئے ڈاکٹروں نے انہیں لکھنؤ بھیج دیا۔ پولیس حملہ آوروں کو تلاش کررہی ہے۔واضح رہے کہ راج کماری دوبے پور بلاک سے سماج وادی پارٹی کی امیدوار کے طور پر بلاک پرمکھ کے الیکشن کی تیاری کررہی تھیں۔


بے قابو جیپ پل سے نیچے گری پولیس سب انسپکٹر ہلاک ودیگر تین زخمی

سنبھل۔23جنوری(فکروخبر/ذرائع )اترپردیش میں سنبھل کے کڑفتح گڑھ علاقے میں ایک سڑک حادثے میں ایک پولیس سب انسپکٹر ہلاک و دیگر تین زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک جیپ بے قابو ہوکر پل سے نیچے گرگئی۔ یہ اطلاع پولیس کے ذرائع نے دی ہے۔پولیس کے مطابق گاؤں میں آگ لگنے کی اطلاع ملنے پر تقریباً ساڑھے نو بجے پولیس سب انسپکٹر برجیندر سنگھ، کانسٹیبل اہیبرن، ارون اور ڈرائیور ڈوری لال کے ہمراہ جیپ میں جارہے تھے۔چچیری گاؤں کے نزدیک جیپ بے قابو ہوکر کوکاواس پل سے نیچے گرگئی۔ اس حادثے میں سب انسپکٹر برجیندر کی موت ہوگئی و دیگر تین پولیس جوان زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے۔


بریلی میں شدید سردی، معمولات زندگی متاثر

بریلی۔23جنوری(فکروخبر/ذرائع )اترپردیش میں بریلی اور مضافاتی علاقوں میں آج بھی لوگ شدید ٹھنڈ سے ٹھٹھر تے رہے۔ پورے علاقے میں زبردست ٹھنڈ پڑ رہی ہے۔ شدید سردی کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر ہیں اور عوام شام ہوتے ہی اپنے گھروں میں بیٹھ جاتے ہیں۔شدید سردی کی وجہ سے آمدرفت بھی متاثر ہوئی ہے اور بریلی جنکشن سے گزرنے والی لمبی دوری کی ٹرینیں زیادہ تراپنے طے شدہ وقت سے تاخیر سے چل رہی ہیں۔ دریں اثنا محکمہ موسمیات کے ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں بریلی میں موسم عام طور پر خشک رہا۔ ذرائع کے مطابق بریلی اور مضافاتی علاقوں میں فی الحال سردی سے آئندہ کچھ دنوں تک نجات نہیں مل سکتی۔


وزیر اعظم مودی کے اترپردیش دورہ کے دوران سیکورٹی کے سخت بندوبست

لکھنؤ۔23جنوری(فکروخبر/ذرائع ) وزیر اعظم نریندرمودی کے کل لکھنؤ اور وارانسی دورے کے پیش نظر سیکورٹی کے پختہ بندوبست کئے گئے ہیں۔مسٹر مودی کی سیکورٹی کیلئے اسنیپرس اور کمانڈو کے دستے کے علاوہ 10 ہزار پولیس جوان اور مرکزی سیکورٹی دستوں کی 25 کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں۔ریاست میں اگلے سال مجوزہ اسمبلی الیکشن کے باوجود مسٹر مودی اپنے ایک روزہ دورہ کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) لیڈروں سے ملاقات نہیں کریں گے۔پولیس کے ڈائریکٹر جنرل جاوید احمد نے آج یہاں یو این آئی سے کہاکہ مسٹر مودی کے قیام کے دوران لکھنؤ اور وارانسی میں سیکورٹی کے جامع بندوبست کئے گئے ہیں۔ دونوں ہی شہروں میں سیکورٹی کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے آج مشق بھی کی گئی۔


آنکھ کے ڈاکٹر اور اس کے چار سالہ بیٹے کاقتل

گورکھپور۔23جنوری(فکروخبر/ذرائع ) گھورکھپور کے مہانگر کے اشوک نگر محلہ میں ایک ہائی پروفائل دوہرے قتل کا سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے ۔ آنکھ کے ڈاکٹر اوم پرکاش یادو (۴۰) اور ان کے بیٹے نتن (۴) کی صبح بستر پر لاش پائی گئی ہے ۔ قتل ہتھوڑے سے کوچ کر کیاگیاہے ۔ خون آلود ہتھوڑا بستر کے پاس پایاگیا ۔پولیس واقع کی اطلاع پاکر موقع پر پہنچ گئی ۔فورنسک ٹیم اور ڈاگ اسکوائڈ کی مدد سے جانچ چل رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اوم پرکاش کے خسر یوپی کے سی ایم سکیورٹی میں افسر ہیں ۔ وہیں اوم پرکاش کے سگے بھائی راج کمار یادو ضلع بلرام پور میں انسپکٹر ہیں ۔ اس ہائی پروفائل قتل کے بارے میں اطلاع ملنے کے بعدگورکھپور کے رکن پارلیمنٹ یوگی آدتیہ ناتھ سمیت پولیس کے کئی اعلیٰ افسر بھی موقع پر پہنچ گئے ۔ پولیس نے متوفی کی بیوی ارچنا کو میڈیا سے بات کرنے سے روک دیا اور اسے ایک الگ کمرے میں کردیا ۔ بتایاجارہاہے کہ آنکھ ڈاکٹر اوم پرکاش رادھیکا کامپلیکس میں بیٹھتے تھے ۔ ارچنا اس کی دوسری بیوی ہے ۔ بتایا جارہاہے کہ دونوں کے درمیان خوشگوار تعلقات نہیں تھے ۔ جانچ پڑتال میں معلومات ہوئی کہ ارچنا الگ کمرے میں سوئی تھی ۔ اوم پرکاش اور نتن ایک ساتھ دوسرے کمرے میں سورہے تھے ۔ گھر میں گزشتہ دنوں سے کچھ تعمیراتی کام چل رہاتھا ۔ جس کے چلتے صبح نو بجے مزدور آگئے ۔ مزدور آنے کے بعد جب اوم پرکاش کو جگانے اور خاندان کے لوگ ان کے کمرے پہنچے تو باپ بیٹے کی لاش پڑی تھی ۔بیوی ارچنا کا کہناہے کہ انہیں کچھ بھی پتہ نہیں چلا کہ کس وقت واردات انجام دی گئی ہے ۔ لیکن ایسا لگ رہاہے کہ دوہرا قتل کرنے والے قاتل دروازے کی کنڈی توڑ کر گھر میں داخل ہوئے ۔ کنڈی ٹوٹ کر زمین پرگری تھی ۔ بچہ کے گلے پر بھی نشان ہے جس سے لگ رہاہے کہ اس کا گلابھی دبایا گیاہے ۔ حالانکہ دونوں پر ہتھوڑے سے حملہ کیاگیاہے ۔ پولیس کو ہتھوڑا موقع پر مل گیاہے ۔ پولیس کا کہناہے کہ واقع کی پوری کہانی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی سامنے آسکے گی ۔ 


محمد عقیل زیدی اتفاق رائے سے ’پردھان سنگھ ‘صدر منتخب

بارہ بنکی۔23جنوری(فکروخبر/ذرائع ) اسندرا گاؤں کے پردھا ن محمد عقیل زیدی کو اتفاق رائے سے آج ’گرام پردھان سنگھ‘صدر منتخب کیاگیا ۔ بدھ کو قصبہ سدھور کے آدرش انٹرکالج کیمپس میں منعقد گاؤں پردھانوں کے جلسے میں شیش پور مجاہد علی کے پردھان انجنی مشرا نے محمد عقیل زیدی کے نام پیش کیا جس کا موجود سبھی پردھانوں نے تالیوں کے ساتھ استقبال کیا ۔ اس طرح محمد عقیل زیدی دوسری بار گاؤں پردھان سنگھ کے صدر منتخب کرلیئے گئے ۔ 

مرکزی مجلس عاملہ کے لئے ۷؍ ارکان اور ۱۱؍ مدعوئین خصوصی نامزد

نئی دہلی ۔23جنوری(فکروخبر/ذرائع )آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے صدر جناب نوید حامد نے مشاورت کی میقات جنوری ۲۰۱۶تا دسمبر ۲۰۱۷ کے لئے اپنے آئینی اختیارات کااستعمال کرتے ہوئے نئے عہدیداروں کا تقرر کیا ہے۔ انہوں نے مرکزی مجلس عاملہ کے لئے سات شخصیات کو بطوررکن نامزد کیا ہے۔یہ اطلاع جناب مجتبیٰ فاروق ، سکریٹری جنرل نے پریس کو جاری ایک اعلانیہ میں دی ہے۔ اعلانیہ کے مطابق نئے عہدیداروں اور نامزد ارکان عاملہ و خصوصی مدعوئین حسب ذیل ہیں۔
نائب صدور: مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی، ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہل حدیث اور مولانا سید کلب صادق ،لکھنؤ
جنرل سکریٹریز : جناب امان اللہ خان ، جناب شیخ منظور احمد ، جناب سید ثمر حامد۔خازن: جناب احمد رضا، نئی دہلی
مرکزی مجلس عاملہ کے نامزد ارکان: مولانا سیدکلب صادق، معروف شیعہ عالم؛ جناب نصرت علی ، نائب امیر جماعت اسلامی ہند، جناب امان اللہ خان، صدر مسلم ایجوکیشن ٹرسٹ، نئی دہلی؛ جناب سید ثمر حامد، سکریٹری ہمدرد ایجوکیشن سوسائٹی، نئی دہلی؛ جناب احمد رضا، صنعت کار، نئی دہلی؛ مولاناڈاکٹر یٰسن علی عثمانی، بدایوں، جناب ای احمد، ایم پی، کیرالہ۔ پریس بیان میں کہا گیا ہے آئین کی رو سے صدر کو دس ارکان نامزد کرنے کا اختیار ہے۔
جناب نوید حامد نے ۳۱ جنوری ۲۰۱۶ کی مرکزی مجلس عاملہ کی مٹینگ کے لئے خصوصی مدعوئین کی حیثیت سے جناب زبیر گوپلانی، گجرات ، جناب محمد شفیع مدنی، گجرات، جناب اختر حسین اختر، کانپور، جناب محمد سلیمان، کانپور، جناب ملک العزیز چینئی، جناب انیس درانی، دہلی، جناب شہنشاہ جہانگیر، کولکتہ، ڈاکٹر سید مہرالحسن، بھوپال، حافظ سیداطہر علی، ممبئی، جناب رشید احمد خان ، آئی اے ایس (ریٹائرڈ) دہلی اور جناب تاج محمد خان میسور کو مدعو کیا ہے۔

Urdu-Arabic-Keybaord11

ISLAMIC-MESSAGES