Live Madinah

makkah1

dushwari

دبئی :23جنوری:2017(فکروخبر/ذرائع)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ، ان کی اہلیہ ملانیا اور ٹرمپ کے نائب مائیک پینس نے ہفتے کی صبح واشنگٹن میں صدارتی رواج کے طور پر بڑے قومی گرجا میں منعقد ایک مذہبی تقریب میں شرکت کی۔تقریب میں تمام مذاہب کے نمائندے شریک تھے۔ اس دوران جب قرآن کریم کی تلاوت کی گئی تو صدر ٹرمپ غور اسے غور سے سنتے ہوئے نظر آئے۔تقریب کے بعد ٹرمپ امریکی انٹیلی جنس کی ایجنسی (CIA) کے صدر دفتر روانہ ہو گئے۔

عراق:۔22جنوری :2017(فکروخبر/ذرائع )عراق کے صوبے نینوی میں مقامی ذرائع نے بتایا ہے کہ داعش تنظیم نے "الموصل ہوٹل" کو دھماکے سے تباہ کر دیا ہے۔ یہ موصل شہر کا دوسرا سب سے بڑا ہوٹل ہے۔ذرائع کے مطابق داعش نے موصل کے مغربی حصے میں الرفاعی کے علاقے میں واقع ہوٹل کے اندر بہت بڑی مقداد میں گولہ بارود نصب کیا اور بعد ازاں عمارت کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔دوسری جانب عراقی فضائیہ نے موصل کے مغربی حصے میں داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور تنظیم کے متعدد مراکز کو تباہ کر دیا۔بین الاقوامی اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے بھی الراشیدیہ کے علاقے سے کشتیوں کے ذریعے فرار ہونے والے داعش کے ارکان کو بم باری کا نشانہ بنایا۔عینی شاہدین کے مطابق انہیں دریائے دجلہ میں داعش تنظیم کے ارکان کی لاشیں بھی تیرتی ہوئی نظر آئی ہیں۔

دھماکے کے وقت مارکیٹ میں عوام کا رش تھا

پاکستان۔ 21 جنوری:2017 (فکروخبر/ذرائع)پاکستان کے قبائلی علاقے کرم ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر پاڑا چنار میں ہونے والے دھماکے میں کم از کم 20 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے۔پاکستانی میڈیا کے مطابق پولیٹیکل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پارا چنار کی سبزی منڈی میں دھماکے سے 20 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے۔ مقامی افراد اور امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے زخمیوں کو فوری طور پر ایجنسی ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق دھماکا ریموٹ کنٹرول کے ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا اور دھماکا خیز مواد پھلوں کی پیٹی میں چھپا کر رکھا گیا تھا۔پولیٹیکل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دھماکے کے وقت مارکیٹ میں عوام کا رش تھا جبکہ اسپتال میں ڈاکٹرز کی کمی کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

بیروت ۔20جنوری2017(فکروخبر/ذرائع )شام کے شمالی صوبے حلب میں جمعرات کو ہونے والے فضائی حملوں میں جبہۃ فتح الشام (جفش) تنظیم کے 40 سے زیادہ ارکان ہلاک ہو گئے۔ شام میں انسانی حقوق کے مانیٹرنگ گروپ کے مطابق یہ بمباری کرنے والے طیاروں کے ملک کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔شامی آبزرویٹری کے سربراہ رامی عبدالرحمن نے بتایا کہ جمعرات کی شب ہونے والے حملوں میں نامعلوم طیاروں نے حلب کے مغربی نواح میں جبل شیخ سلمان کے علاقے میں واقع "جفش" کے عسکری کیمپ کو نشانہ بنایا۔گروپ کے مطابق رواں ماہ شمالی شام میں "جفش" کے ٹھکانوں پر کیے جانے والے حملوں میں اب تک تنظیم کے 100 ارکان ہلاک ہوچکے ہیں۔

استنبول ۔19جنوری:2017(فکروخبر/ذرائع)ترکی میں حکام نے گذشتہ سال جولائی میں صدر رجب طیب ایردوآن کی حکومت کے خلاف ناکام بغاوت میں ملوّث ہونے کے الزام میں 243 فوجیوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔ترکی کی سرکاری خبررساں ایجنسی اناطولو کے مطابق ان تمام فوجیوں کا ملک کے 54 صوبوں سے تعلق ہے۔ان مشتبہ فوجیوں پر الزام ہے کہ وہ اسمارٹ فون پر پیغام رسانی کی ایپلی کیشن بائی لاک استعمال کررہے تھے۔ترک حکام کا کہنا ہے کہ امریکا میں جلاوطنی کی زندگی گزارنے والے علامہ فتح اللہ گولن کے پیروکاروں نے حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش منظم کے لیے یہی ایپ استعمال کی تھی۔

دبئی ۔17جنوری:2017(فکروخبر/ذرائع )مصر کے جنوب مغربی علاقے وادی الجدید میں ایک چیک پوسٹ پر تلاشی کے دوران مشتبہ افراد کے حملے میں کم سے کم آٹھ مصری فوجی ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔العربیہ  کے مطابق یہ واقعہ سوموار کے روز دارالحکومت قاہرہ سے 70 کلو میٹر دور وادی الجدید گورنری کے الخارجہ شہر میں اس وقت پیش آیا سیکیورٹی اہلکار ایک چیک پوسٹ پر مشکوک افراد کی تلاشی لے رہے تھے۔ اس دوران گھات لگا کر فوجیوں پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں کم سے کم آٹھ اہلکار ہلاک ہوگئے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فوجیوں کی جوابی فائرنگ سے دو حملہ آور بھی مارے گئے۔ کچھ حملہ آور کارروائی کے بعد فرار ہوگئے جن کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے۔ آخری اطلاعات تک کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

استنبول16جنوری :2017(فکروخبر/ذرائع)ترک فضائی کمپنی کا ایک مال بردار طیارہ کرغزستان کے دارالحکومت بِشکیک کے نزدیک آبادی پر گرا ہے جس کے نتیجے میں کم از کم 32 افراد کے ہلاک ہو گئے ہیں۔بوئینگ 747 طیارے نے ہانگ کانگ سے اڑان بھری اور اسے بِشکیک کے مرکزی ائیرپورٹ، مناس ائیرپورٹ پر کچھ دیر رکنے کے بعد استنبول کے لیے روانہ ہونا تھا۔ تاہم جہاز مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے سات بجے کے قریب ایئرپورٹ سے 25 کلومیٹر دور شہری آبادی پر گر گیا جس کے نتیجے کم از کم 15 عمارتیں تباہ ہو گئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق کچھ بچے بھی اس حادثے میں ہلاک ہوئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تعداد اس آبادی کے رہائشیوں کی ہے جس پر یہ طیارہ گرا۔

امریکا ۔15جنوری:2017(فکروخبر/ذرائع )امریکا کی ریاست کینٹکی میں نامعلوم افراد نے ایک سعودی طالب علم محمد زید الفضیل کو تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کردیا ہے۔اس طالب علم کے والد ڈاکٹر زید نے العربیہ نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اس حملے کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ ان کے بیٹے پر کسی نے لاٹھی یا لوہے کے راڈ سے حملہ کیا تھا۔اس کی حالت سرجری کے بعد اب بہتر ہے۔زید الفضیل اپنی کار میں سوار کہیں جا رہا تھا،اس دوران نامعلوم افراد نے اس کو روکا اور اس کے سر میں آہنی آلے یا لاٹھی سے وار کیا تھا جس سے اس کا سر پھٹ گیا تھا اور اس میں ٹانکے لگے ہیں۔زخمی طالب علم امریکا کی ایک جامعہ میں زیر تعلیم ہے اور مالیاتی انتظام ( فنانشیل مینجمنٹ ) میں انڈر گریجوایٹ کورس کررہا ہے۔ڈاکٹر زید کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹے پر حملہ عربوں اور مسلمانوں کے خلاف نسلی تعصب کا شاخسانہ ہوسکتا ہے۔

مفتی اعظم فلسطین کی نومنتخب امریکی صدر کی اسرائیل نواز پالیسیوں پرتنقید

مقبوضہ بیت المقدس ۔14جنوری:2016(فکروخبر/ذرائع )مفتی اعظم فلسطین اور مسجد اقصیٰ کے امام وخطیب الشیخ محمد حسین نے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اسرائیل میں امریکی سفارت خانہ بیت المقدس منتقل کیے جانے کے اعلان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکی سفارت خانے کہ مقبوضہ بیت المقدس منتقلی پورے عالم اسلام پر حملہ تصور ہوگا۔العربیہ  کے مطابق مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے الشیخ محمد حسین نے دوٹوک الفاظ میں بیت المقدس کا دفاع کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر امریکی سفارت خانہ تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کیا جاتا ہے تو یہ دنیا بھر کے مسلمانوں پر ظلم کے مترادف ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے اسرائیل میں امریکی سفارت خانہ بیت المقدس منتقل کرنے کا وعدہ صرف فلسطینی قوم ہی نہیں بلکہ عرب ممالک اور پوری مسلم امہ پر حملہ کے مترادف ہوگا۔ ایسے کسی بھی اقدام پر عالم اسلام اور عرب ممالک خاموش نہیں رہیں گے۔

کفر سوسہ میں خود کش حملہ متعدد فوجی ہلاک اور زخمی

شام :13جنوری(فکروخبر/ذرائع )شام کے دارالحکومت دمشق کے نواحی علاقے کفر سوسہ میں جمعرات کی شام ایک اسپورٹس کلب میں ہونے والے خود کش حملے کے بعد دمشق میں المزہ فوجی اڈے پر بھی زور دار دھماکے ہوئے ہیں تاہم ان میں کسی قسم کے جانی نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔شام کے سرکاری ٹی وی چینل نے المزہ فوجی اڈے کے قریب متعدد زور دار دھماکوں کی خبر نشر کی ہے اور بتایا ہے کہ دھماکوں کے بعد ایمبولینسوں کو جائے وقوعہ کی طرف جاتے دیکھا گیا ہے۔ المزہ فوجی اڈے میں دھماکوں کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی اور نہ ہی کسی گروپ نے اس کی ذمہ داری قبول کی ہے۔قبل ازیں شام میں انسانی حقوق کی صورت حال پر نظر رکھنے والے ادارے آبزرویٹری نے بتایا تھا کہ جنوب مشرق دمشق کے علاقے کفر سوسہ میں ایک اسپورٹس کلب میں ہونے والے خود کش حملے کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔