Live Madinah

makkah1

dushwari

رام الله :22فروری(فکروخبر/ذرائع)قبلہ اوّل یعنی مسجد اقصی کی زیارت کا اشتیاق رکھنے والے مسلمانوں کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ "#روح_القدس" کے نام سے جلد ہی ایک نیا منصوبہ متعارف کرایا جانے والا ہے۔ منصوبے میں ایک ویب سائٹ اور مختلف ایپلی کیشن شامل ہیں جن کے ذریعے ورچوئل ٹکنالوجی "360" کا استعمال کرتے ہوئے #مسجد_اقصی کے احاطے میں 130 آثاریاتی مقامات کا دورہ کیا جا سکے گا۔منصوبے کی خالق ڈاکٹر منال دندیس نے "العربیہ " سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "دنیا بھر میں ایک ارب سے زیادہ مسلمانوں کے دل قبلہ اوّل یعنی کہ تیسرے حرم کے ساتھ متعلق ہیں تاہم سیاسی پیچیدگیوں اور اسرائیلی قبضے کے سبب ان مسلمانوں کی میں اکثریت مسجد اقصی کی زیارت سے محروم ہے۔ میں نے اس منصوبے کے لیے پورے ایک سال تک کام کیا جو میرے لیے ایک خواب کی حیثیت رکھتا ہے۔ میری آرزو ہے کہ اس طرح دنیا بھر میں کروڑوں مسلمانوں کا خواب پورا ہو سکے کہ وہ مسجد اقصی کا دورہ کریں خواہ وہ ورچوئل نوعیت کا ہو"۔

دمشق۔21فروری:2017(فکروخبر/ذرائع) روس کی وزارت دفاع نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ شام میں دھماکا خیز مواد پھٹنے کے نتیجے میں 4 روسی فوجی ہلاک ہو گئے۔روسی نیوز ایجنسیوں نے وزارت دفاع کے حوالے سے بتایا ہے کہ گزشتہ جمعرات کے روز شامی فوج کے قافلے میں شامل روسی فوجیوں کی گاڑی کو طیاس کے عسکری ہوائی اڈے کے نزدیک ریموٹ کنٹرول بم کا نشانہ بنایا گیا۔دھماکے کے نتیجے میں 4 روسی فوجی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جب کہ 2 فوجی زخمی ہوئے۔ شامی فوج کا قافلہ طیاس کے فوجی ہوائی اڈے سے حمص جا رہا تھا۔ستمبر 2015 میں شامی صدر بشار الاسد کے مطالبے پر ماسکو کی فوجی مداخلت کے بعد سے شام میں مارے جانے والے روسی فوجیوں کی مجموعی تعداد 26 ہو گئی ہے۔

مصر: 19 فروری (فکروخبر/ذرائع)مصر کے گروپ الجماعۃ الاسلامیہ کے سابق سربراہ شیخ عمر عبدالرحمان امریکا کی ایک جیل میں انتقال کر گئے ہیں۔ وہ گذشتہ بیس سال سے زیادہ عرصے سے قید کاٹ رہے تھے اور ان کی عمر 78 سال تھی۔ان کے بیٹے اور بیٹی نے ہفتے کے روز ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔وہ نابینا شیخ کے نام سے بھی معروف تھے۔ انھیں امریکا کی ایک عدالت نے 1993ء میں ورلڈ ٹریڈ سنٹر پر بم حملے سمیت مختلف الزامات میں قصور وار قرار دے کر عمر قید کی سزا سنائی تھی۔وہ 1980ء کے عشرے میں مصر میں اسلامی حلقوں میں ایک اہم شخصیت خیال کیے جاتے تھے۔ان پر مصر کے سابق صدر انورالسادات کے 1981ء میں قتل کی سازش میں ملوّث ہونے کے الزام میں بھی فرد جُرم عاید کی گئی تھی لیکن بعد میں انھیں اس الزام سے بری کردیا گیا تھا۔شیخ عمر عبدالرحمان 1990ء میں امریکا چلے گئے تھے جہاں وہ بروکلین اور نیو جرسی کی مساجد میں خطیب رہے تھے۔

دبئی ۔16فروری(فکروخبر/ذرائع )العربیہ پر جمعہ اور ہفتہ کی شام کو دو قسطوں میں نشر ہونے والی دستاویزی فلم میں شام میں سرکاری فوج کے زیرانتظام عقوبت خانوں میں ڈالے گئے سابق قیدیوں کے لرزہ خیز بیانات نے اسد رجیم کے مزید جنگی جرائم سے پردہ چاک کیا ہے۔شام کی تدمر جیل میں کئی سال تک پابند سلاسل رہنے والے ایک سابق قیدی کا کہنا ہے کہ اس نے اپنی آنکھوں سے جیل میں700 قیدیوں کو دفن کرتے دیکھا ہے۔ یہ تمام قیدی مختلف جیلوں میں بھوک، بیماریوں یا جیلروں اور تفتیش کاروں کے تشدد کے نتیجے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔تدمر کی جیل شام کی بڑی جیلوں میں سے ایک ہے۔ یہ جیل صحرائی شہر تدمر میں واقع ہے جس کا انتظام شامی فوج کے پاس ہے۔ تدمر شہر دمشق سے 200 کلو میٹر کی دوری پر واقع ہے، جو تاریخی آثار قدیمہ وجہ سے مشہور ہے۔

دبئی :۔15فروری(فکروخبر/ذرائع)روس کے جنگی طیاروں نے منگل کے روز شام کے شہر درعا میں اپوزیشن کے زیر کنٹرول علاقوں کو شدید بم باری کا نشانہ بنایا۔ یہ بات "العربیہ" نیوز چینل نے شامی اپوزیشن کے ذرائع اور عینی شاہدین کے حوالے سے بدھ کے روز بتائی۔روسی بم باری کا سلسلہ پیر کے روز شروع ہوا جو روس کی ایک سال سے بھی زیادہ عرصہ قبل شام میں مداخلت کے بعد اس علاقے میں شدید ترین بم باری ہے۔ اپوزیشن گروپوں نے اتوار کے روز درعا کے علاقے المنشیہ پر حملہ کیا تھا جس کا مقصد اردن کے ساتھ سرحد پر تزویراتی گزرگاہ پر شامی فوج کے کنٹرول کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانا بتایا گیا۔شامی فوج کے اعلان کے مطابق اپوزیشن گروپ اپنی کوشش میں ناکام ہو گئے اور اسے بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔اپوزیشن ذرائع نے بتایا ہے کہ منگل کے روز روسی طیاروں نے کم از کم 30 فضائی حملے کیے۔

ٹی ٹی پی کے جماعت الاحرار دھڑے نے خودکش بم حملے کی ذمے داری قبول کر لی

لاہور ۔14فروری(فکروخبر/ذرائع ) پاکستان کے دوسرے بڑے شہر لاہور کی مصروف شاہراہ مال پر ایک احتجاجی مظاہرے کے دوران میں خودکش بم دھماکے میں تین سینیر پولیس افسروں سمیت تیرہ افراد جاں بحق اور پچاسی زخمی ہوگئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق حملہ آور بمبار نے سوموار کی شام مال روڈ پر واقع پنجاب اسمبلی کی عمارت کے سامنے مظاہرے کے شرکاء کے درمیان خود کو دھماکے سے اڑایا ہے۔کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ایک دھڑے جماعت الاحرار کے ترجمان نے اس خودکش بم حملے کی ذمے داری قبول کر لی ہے۔صوبہ پنجاب کے محکمہ انسداد دہشت گردی کے سربراہ ڈاکٹر محمد اقبال نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ خودکش بمبار پیدل تھا۔ اس نے پولیس افسروں کی گاڑی کے نزدیک دھماکا کیا ہے جس کے نتیجے میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل ( ڈی آئی جی) ٹریفک پولیس لاہور ریٹائرڈ کپتان احمد مبین ، پنجاب پولیس کے سینیر سپرنٹینڈنٹ (ایس ایس پی) زاہد گوندل اور ڈی ایس پی پرویز بٹ جاں بحق ہوئے ہیں۔

شام13فروری:2017(فکروخبر/ذرائع )عرب دنیا کے معروف نیوز چینل "العربيہ" نیوز پر خصوصی دستاویزی فلم " تدمر" پیش کی جا رہی ہے جو کسی بھی عرب چینل پر اپنی نوعیت کی پہلی کاوش ہے۔ فلم میں تدمر کی جیل میں کئی برس تک بدترین تشدد اور اذیت کا سامنا کرنے والے قیدیوں کے تجربات کو منفرد انداز سے بیان کیا گیا ہے۔کچھ روز قبل انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے شام کی بدنام زمانہ "صيدنايا" جیل کے بارے میں ایک رپورٹ جاری کی تھی۔ رپورٹ کے لرزہ خیز انکشافات میں بتایا گیا تھا کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران بشار حکومت نے قید میں لیے گئے قیدیوں میں سے تقریبا 13 ہزار افراد کو موت کے گھاٹ اتارا۔

ترکی:12فروری(فکروخبر/ذرائع)ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن اتوار کے روز خلیجی ممالک کے دورے کا آغاز کر رہے ہیں۔ ترک نیوز ایجنسی " اناضول" کے مطابق 15 فروری تک جاری رہنے والے اس دورے میں ترک صدر سعودی عرب ، بحرین اور قطر جائیں گے۔ترک ایوانِ صدارت کے میڈیا بیورو سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایردوآن کے دورے کا آغاز بحرین سے ہوگا جہاں وہ شاہ حمد بن عيسى آل خليفہ اور بحرین کے اعلی ذمے داران سے ملاقات کریں گے۔بیان کے مطابق 13 فروری کو ایردوآن سعودی عرب پہنچیں گے جہاں ان کی مملکت کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز ، ولی عہد شہزادہ محمد بن نایف اور نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہو گی۔

ایران 11فروری(فکروخبر/ذرائع )امریکی رپورٹس میں ایران کی جانب سے ایک اور میزائل تجربے کا دعویٰ کیا گیا ہے، مگر دوسری جانب ایرانی وزیر دفاع حسین دھقان نے شمالی شہر جیلان میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے دوسرے میزائل تجربے سے متعلق امریکی رپورٹس کو یکسر مسترد کردیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ میزائل تجربےسے متعلق امریکی میڈیا کی طرف سے پھیلائی جانے والی افواہیں ایران سے امریکی خوف کا اظہار ہے۔بدھ کو امریکی ٹی وی  فاکس نیوزنے ایک خبر نشر کی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران نے ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔ جمعرات کے روز امریکی میڈیا میں آنے والی اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ بدھ کے روز بیلسٹک میزائل کا تجربہ تو نہیں کیا گیا تاہم زمین سے فضاء میں کم فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کا تجربہ کیا گیا ہے۔

دبئی ۔09فروری(فکروخبر/ذرائع )اسرائیلی پولیس کے مطابق صہیونی ریاست کے دارالحکومت تل ابیب میں بتا تکفا کے شہر کے ایک مصروف بازارمیں ایک فلسطینی کی فائرنگ اور چاقو کے حملے میں کم سے کم چار اسرائیلی زخمی ہوگئے۔العربیہ  کے مطابق اسرائیلی پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ حملہ آور دریائے اردن کے مغربی کنارے کے علاقے سے تل ابیب آیا تھا۔ فائرنگ اور چاقو کے حملے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔اسرائیلی پولیس ترجمان میکی روزن فیلڈ نے بتایا کہ غرب اردن سے آئے ایک مشتبہ فلسطینی مزاحمت کار نے تل ابیب کے مشرق میں 10 کلو میٹر دور بتاح تکفا میں ایک بازار میں یہودی آباد کاروں پر فائرنگ کی جس کے نتیجےمیں دواسرائیلی زخمی ہوگئے۔ دو افراد چاقو کے حملے میں زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور کو حراست میں لینے کے بعد اس سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔