Live Madinah

makkah1

dushwari

قاہرہ ۔ 22مارچ(فکروخبر/ذرائع)مصر میں شادی کے لیے تیار ایک دوشیزہ کے بے رحمانہ قتل کے بعد ایک اور لڑکی کو بے دردی کے ساتھ موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔العربیہ  کے مطابق حال ہی میں مصر کی القلیوبیہ گورنری میں تقی ناجی نامی لڑکی کو اس کے گھر میں نامعلوم افراد نے گھس کر چاقوؤں کے وار اور تشدد کر کے قتل کردیا تھا۔ پولیس اس واقعے کی تحقیقات کررہی تھی کہ اچانک یہ اطلاعات ملیں کہ اسکندریہ شہر کی ایک سڑک ایک بوری میں بند لڑکی کی لاش ملی جسے کاٹ کر تین حصے کر دیے گئے تھے۔مقتولہ کی عمر تیس سال کے قریب بتائی جاتی ہے تاہم پولیس کو مقتولہ کی شناخت کے بارے میں کسی قسم کا ثبوت نہیں مل سکا ہے۔اسکندریہ سیکیورٹی چیف کا کہنا ہے کہ مقتول لڑکی کی تصاویر مختلف مقامات پر چسپاں کردی گئی تھیں اور شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس کی شناخت میں مدد کریں۔

برسلز :۔21مارچ(فکروخبر/ذرائع)اقوام متحدہ میں اسد رجیم کے عہدیداروں پر شہریوں کے خلاف کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال اور جنگی جرائم کے ارتکاب پر روس اور چین کی جانب سے پابندیوں کی مخالفت کے بعد یورپی یونین نے اسد رجیم کے گرد معاشی گھیرا تنگ کرنا شروع کیا ہے۔العربیہ کے مطابق یورپی یونین نے بشارالاسد کے چار مقرب فوجی عہدیداروں کو کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے جرم میں بلیک لسٹ کردیا ہے۔العربیہ  کے مطابق یورپی یونین کی جانب سے اسد رجیم کے سینیر عسکری عہدیداروں کے خلاف یہ اقدام اپنی نوعیت کا پہلا فیصلہ ہے۔ شامی فوج پر گذشتہ کئی سال سے شہریوں کے خلاف کلورین گیس استعمال کرنے کا الزام عاید کیا جاتا رہا ہے۔ ان میں جنرل طار حامد خلیل پر الزام عاید کیا گیا تھا کہ اس نے سنہ 2013ء کو احتجاجی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر کیمیائی ہتھیار تقسیم کیے تھے۔

ترک ٹی وی کے نمائندے کو منگیتر کی شرط پوری کرنے میں پورے پانچ سال لگ گئے

ترک:۔20مارچ(فکروخبر/ذرائع)ترک حکومت کے ٹی آر ٹی اسپیس چینل کے نمائندے اور ایک اناؤنسر کو اپنی منگیتر کی ایک انوکھی شرط اور خواہش پورا کرنا پڑی ہے۔اس نمائندے کی ہونےوالی بیوی نے یہ شرط عاید کی تھی کہ وہ اس کو منگنی کی انگوٹھی کہیں اور نہیں بلکہ مسجد الحرام میں اور کعبۃ اللہ کے عین سامنے پہنائے اور وہ اس تمام عمل کی عکس بندی بھی کرے۔ترک ٹی وی کے یہ نمائندے یوسف عاکیون سعودی عرب میں ترکی کے سابق میڈیا اتاشی کے بیٹے ہیں۔انھوں نے اپنی منگیتر کو سنہ 2012ء میں خانہ کعبہ کے سامنے ہی منگنی کی انگوٹھی پہنائی تھی لیکن وہ ایک شرط پوری نہیں کرسکے تھے۔ان کی منگیتر نے یہ شرط عاید کی تھی کہ وہ جھکتے ہوئے اس کو انگوٹھی پہنائیں، ورنہ وہ ان سے شادی نہیں کرے گی۔یوسف عاکیون کو یہ شرط پوری کرنے میں پورے پانچ سال لگے ہیں۔انھوں نے اب 2017ء میں اپنی منگیتر کو خانہ کعبہ کے سامنے مسجد الحرام میں جھکتے ہوئے منگنی کی انگوٹھی دوبارہ پہنائی ہے۔

دبئی ۔19مارچ (فکروخبر/ذرائع)عرب اتحادی فوج نے تعز گورنری کے مغربی علاقے البرح میں حکومت مخالف باغیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کے نتیجے میں حوثی لیڈر امین حمیدان سمیت 45 باغی ہلاک ہوگئے ہیں۔العربیہ کے مطابق المخا اور اس کے اطراف کو باغیوں سے چھڑانے کے لیے جاری آپریشن کے دوران باغیوں کے متعدد ٹھکانے اور کئی فوجی گاڑیاں تباہ کردیں۔بمباری کےنتیجے میں حوثی لیڈر امین حمیدان سمیت 45 جنگجو ہلاک اور دسیوں زخمی ہوئے ہیں۔قبل ازیں جمعرات کو عرب اتحادی فوج نے یمن کے شہر تعز میں ذباب ڈاریکٹوریٹ سے داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل فضاء میں مار گرایا تھا۔عسکری ذرائع کے مطابق یہ میزائل تعز میں معسکرخالد سے داغا گیا تھا۔

دبئی ۔18مارچ(فکروخبر/ذرائع) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں ایک سولہ سالہ فلسطینی بچہ شہید اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں شہید فلسطینی لڑکے کی شناخت مراد یوسف ابو غازی کے نام سے کی گئی ہے جس کی عمر 16 سال بتائی جاتی ہے۔ وزارت صحت کے مطابق مراد ابو غازی کی شہادت سینے میں گولی لگنے کے نتیجے میں ہوئی۔غازی کو شدید زخمی ہونے کے بعد العروب پناہ گزین کیمپ کے ایک مقامی اسپتال میں داخل کیا گیا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ شدید زخمی فلسطینی لڑکے کو انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا تھا مگر وہ زیادہ دیگر زندہ نہ رہ سکا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔اسرائیلی فوج کی ریاستی دشت گردی کے نتیجے میں متعدد دوسرے شہری بھی زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

دمشق ۔۔16مارچ(فکروخبر/ذرائع )شام کے دارالحکومت دمشق میں مرکزی ایوانِ عدل کے اندر خود کش بم دھماکے میں کم سے کم تیس افراد ہلاک اور پینتالیس زخمی ہوگئے ہیں۔شام کی سرکاری خبررساں ایجنسی سانا نے دمشق کے علاقے ربوہ میں ایک ریستوراں میں ایک اور خودکش بم دھماکے کی اطلاع دی ہے جس میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے ہیں۔دمشق کے پولیس سربراہ محمد خیر اسماعیل نے سرکاری ٹیلی ویژن کو بتایا ہے کہ فوجی وردی میں ملبوس حملہ آور نے بدھ کی دوپہر ایک بج کر بیس منٹ پر ایوان عدل کے داخلی دروازے پر خود کو دھماکے سے اڑایا ہے۔اس نے شاٹ گن اور دستی بم بھی پکڑ رکھے تھے۔انھوں نے بتایا ہے کہ اس کو سکیورٹی اہلکاروں نے داخلی دروازے پر روکا اور اس سے ہتھیار لینے کے بعد اس کی تلاشی لینے لگے تو اس دوران میں وہ عمارت کے اندر گھس گیا اور اس نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔

قاہرہ : ۔ 15 مارچ (فکروخبر/ذرائع)مصری دارالحکومت قاہرہ کی سڑکوں پر پھرنے والے بچے عبدالرحمن کی کہانی ہر دردِ دل رکھنے والے انسان کو تڑپا دیتی ہے۔ عبدالرحمن کو اُس کے باپ نے اپنی دوسری بیوی کی خوشی کی خاطر گھر سے نکال دیا جس کے نتیجے میں اب وہ چند کتوں کے ساتھ رہتا ہے بلکہ سڑکوں پر ان کتوں کے ساتھ رقص کا مظاہرہ کر کے اپنے گزر بسر کے لیے آمدنی کا بندوبست کرتا ہے۔عربی روزنامے "اليوم السابع" میں شائع ہونے والی اس کہانی نے کروڑوں مصریوں کے دلوں کو ہِلا ڈالا۔ ان میں ہزاروں افراد نے اس 11 سالہ عبدالرحمن کے لیے میزبانی کی پیش کش کی ہے۔ عبدالرحمن کا کہنا ہے کہ جانور اُس کے باپ سے زیادہ محبت کرتے ہیں۔ ننھے مصری بچے کی خواہش ہے کہ اس کو پیدائش کا سرٹفکیٹ ملک جائے اور مسقبل میں وہ مصور بننا چاہتا ہے۔عبدالرحمن قاہرہ کے وسط میں واقع "طلعت حرب" اسکوائر پر رہتا ہے۔ پانچ کتے اس کے ساتھ ہر دم رہتے ہیں۔ جب وہ ان کتوں کے ساتھ سڑک پر رقص کرتا ہے تو راہ گزرنے والے اُسے تماشہ دکھانے والا سمجھ کر کچھ رقم دے دیتے ہیں جس سے وہ اپنے اور ان کتوں کے لیے خوراک کا بندوبست کر لیتا ہے۔

دبئی ۔۔ 14 مارچ (فکروخبر/ذرائع)یمن میں انسانی حقوق کی تنظیموں کی فراہم کردہ رپورٹس اور اعدادو شمار کے مطابق یکم جنوری 2015ء سے اب تک ایران نواز حوثی باغیوں اور علی صالح ملیشیا نے 38 ہزار یمنی شہریوں کو موت اور زخمی کیا گیا۔العربیہ  کے مطابق یمن کی وزارت برائے انسانی حقوق کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ جنوری 2015ء سے 31 جنوری 2017ء تک یمنی باغیوں کے ہاتھوں 11 ہزار یمنی شہری لقمہ اجل بنے جب کہ خواتین اور بچوں سمیت 27 ہزارشہری زخمی ہوئے ہیں۔یمن کے نائب وزیر برائے انسانی حقوق محمد عسکری نے یہ اعدادو شمار جنیوا میں انسانی حقوق کونسل کے 34 ویں اجلاس کے موقع پر کانفرنس کے دوران پیش کیے۔رپورٹ میں یمنی باغیوں کے ان ہتھکنڈوں کی بھی تفصیلات بیان کی گئی ہیں جو نہتے شہریوں کے جانی نقصان کا موجب بنے۔ ان میں آبادی پر اندھا دھند گولہ باری، بارودی سرنگیں اور دیگر حربے شامل ہیں۔

دبئی:۔13مارچ(فکروخبر/ذرائع )ترکی اور ہالینڈ کے درمیان اختلاف کے بعد جرمن وزیر داخلہ نے ترک وزراء کے جرمنی پہنچ کر ترک صدر رجب طیب ایردوآن کی حمایت میں ہونے والے اجتماعات میں شرکت کے حوالے سے اپنے عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ جرمن وزیر تھوماس ڈے میزیئر نے اتوار کے روز ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ " ذاتی طور پر میں اس مظہر کا حامی نہیں ہوں۔ ترک مہم سے جرمنی کا کوئی تعلق نہیں ہے"۔انقرہ حکومت بیرون ملک بسنے والے تُرکوں کو صدر ایردوآن کے اختیارات میں اضافے پر قائل کرنے کے واسطے ان اجتماعات پر بڑی حد تک انحصار کر رہی ہے ، اس حوالے سے آئندہ ماہ ترکی میں ریفرنڈم کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔ دنیا بھر میں تُرک کمیونٹی کی سب سے بڑی تعداد جرمنی میں ہے جہاں تُرکوں کی تعداد 14.4 لاکھ افراد ہے۔رواں ماہ جرمنی کے کئی شہروں میں انتظامیہ کی جانب سے ایسے اجتماعات کو منسوخ کیا گیا جن میں ترک ذمے داران کو شریک ہونا تھا۔ اس کے نتیجے میں ایردوآن سخت برہم ہوئے اور انہوں نے اسے "نازی اقدامات" قرار دیا۔

فلسطین:۔ 11 مارچ (فکروخبر/ذرائع) اسرائیل کی حراست میں انتظامی طور پر گرفتار فلسطینی قیدی محمد القیق نے 32 روز سے جاری بھوک ہڑتال ختم کر دی ہے۔ القیق کے وکیل نے بتایا ہے کہ اسرائیلی استغاثہ آئندہ ماہ اپریل میں محمد القیق کو رہا کر دے گی اور اس کو دوبارہ گرفتار نہیں کیا جائے گا۔محمد القیق نے عدالتی کارروائی کے بغیر اپنی انتظامی گرفتاری پر احتجاجا ایک ماہ سے بھوک ہڑتال کر رکھی تھی۔ اسرائیلی استغاثہ کی جانب سے آئندہ ماہ رہائی کی یقین دہانی کے بعد القیق نے اپنی بھوک ہڑتال ختم کر دی۔ واضح رہے کہ یہ منظرنامہ مسلسل دوسرے سال دہرایا جا رہا ہے۔گزشتہ برس جنوری میں اسرائیل نے فلسطینی صحافی محمد القیق کو گرفتار کر لیا تھا اور بنا کسی فرد جرم اس کے خلاف 6 ماہ تک قانونی کارروائی جاری رکھی۔ اس کے نتیجے میں القیق نے غیر معینہ کے لیے بھوک ہڑتال کر دی۔