Live Madinah

makkah1

dushwari

ترک صدر کی کردوں کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش

دیار بکر [ترکی] ۔03مارچ(فکروخبر/ذرائع) ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن نے خود کو اسلام کا سپاہی قرار دیا ہے۔ دوسری جانب انہوں نے کرد آبادی کی حمایت کے حصول کے لیے بھی کوششیں تیز کردی ہیں۔العربیہ کے مطابق گذشتہ روز جنوب مشرقی علاقے دیار بکر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایردوآن نے کہا کہ وہ اسلام کے ایک ادنیٰ درجے کے محافظ اور سپاہی ہیں۔ انہوں نے کردوں پر زور دیا کہ وہ دو ہفتے بعد ہونے والے اس دستوری ریفرنڈم کی حمایت کریں جس کے تحت صدر کو غیرمعمولی اختیارات حاصل ہوجائیں گے۔خیال رہے کہ جولائی 2015ء کو ترکی اور کرد علاحدگی پسندوں کے درمیان جنگ بندی ختم ہونے کے بعد دوبارہ محاذ آرائی شروع ہوگئی تھی۔ چند سال پیشتر صدر ایردوآن ہی کی مساعی سے کرد علاحدگی پسندوں اور حکومت کے درمیان تین عشروں کی خون ریز لڑائی کے بعد سیز فائر معاہدہ طے پایاتھا۔

برطانیہ02اپریل(فکروخبر/ذرائع)برطانیہ میں خدا داد صلاحیتوں کے حامل ایک کم سن ایرانی نژاد لڑکے نے خود سے بڑی عمر کے افراد کو ایک جامعہ میں ریاضی کے استاد کی اسامی کے لیے امتحان میں پچھاڑ دیا ہے اور وہ صرف چودہ سال کی عمر میں لیسٹر یونیورسٹی میں لیکچرر مقرر ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے۔لیسٹر یونیورسٹی نے چودہ سالہ یاشا ایسلے کو ریاضی کے مضمون کی تدریس کے لیے بیسیوں دوسرے امیدواروں پر ترجیح دی ہے۔اس نے صرف تیرہ سال کی عمر میں خود سے بڑی عمر کے افراد کے ساتھ لیکچرر شپ کے لیے یونیورسٹی کے بورڈ کے روبرو انٹرویو دیا تھا اور اس نے اپنے جوابات کے ذریعے بورڈ کے ارکان کو ایسا مطمئن کیا کہ وہ اس کو لیکچرر مقرر کرنے پر مجبور ہوگئے۔برطانوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اس اسامی کے لیے ننھے یاشا کا اعلیٰ تعلیم یافتہ دوسرے بہت سے امیدواروں میں مقابلہ تھا۔لیسٹر کی شہری کونسل نے اس لڑکے کو کم عمری میں لیکچرر مقرر کرنے کے لیے خصوصی اجازت نامہ جاری کیا تھا۔

لندن - یکم اپریل (فکروخبر/ذرائع)یونان اور عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق یونان میں پناہ کے متلاشی ایک شامی شہری نے پناہ نہ ملنے پر مایوسی کے عالم میں خود سوزی کی کوشش کی جس کے نتیجے میں اس کا 90 فی صد جسم جھلس گیا ہے۔العربیہ  کے مطابق یہ المناک واقعہ جمعرات کی شام ترکی کے ازمیر شہر کے بالمقابل یونانی جزیرہ 146خیوس145 میں پیش آیا۔ذرائع ابلاغ پر سامنے آنے والی ایک فوٹیج میں ایک شخص کو خود کو آگ لگاتے دکھایا گیا ہے۔ خود سوزی کرنے والے شخص نے اپنے جسم پر تیل چھڑکا اور پھر سگریٹ سلگا کر اسے آگ لگا دی۔ذرائع ابلاغ کے مطابق خود سوزی کرنے والے شخص کا تعلق شام سے ہے۔ 29 سالہ پناہ گزین شہری کا کہنا ہے کہ وہ یونان میں پناہ لینے کے لیے آیا ہے مگر حکام نے اسے پناہ دینے کے بجائے بدسلوکی کا نشانہ بنایا اور واپس شام بھیجنے کی دھمکی دی جس کے ردعمل میں اس نے خود سوزی کا انتہائی خطرناک قدم اٹھایا ہے۔

عراق ۔ 30 مارچ (فکروخبر/ذرائع) عراق کے صدر مقام بغداد میں ایک چیک پوسٹ پر بارود سےبھرے ٹرک کے ذریعے ہونے والے دھماکےمیں کم سے کم 17 افراد ہلاک اور 60 زخمی ہوگئے ہیں۔العربیہ  کے مطابق عراقی پولیس کے مطابق یہ دھماکہ دارالحکومت بغداد کے جنوب میں داخلی راستے پر بنی ایک چیک پوسٹ پر اس وقت ہوا جب وہاں پر گاڑیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ٹرک دھماکے کے نتیجے میں آس پاس کی گاڑیوں میں بھی آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں ڈیڑھ درجن کے قریب افراد ہلاک اور دسیوں زخمی ہوگئے۔آخری اطلاعات تک کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

جنیوا ۔29 مارچ (فکروخبر/ذرائع)اقوام متحدہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ 17 فروری 2017ء سے 22 مارچ تک شمالی عراق کے شہر موصل کے مغربی حصے میں داعش کے خلاف لڑائی کے دوران کم سے کم 307 عام شہری جاں بحق اور 273 زخمی ہوئے ہیں۔العربیہ کے جنیوا میں قائم مطابق اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے انسانی حقوق کے ترجمان رابرٹ کولفیل نے ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کی طرف سے جاری کردہ ہلاکتوں کی تعداد لڑائی میں شامل فریقین کے اعدادو شمار سے کافی مختلف ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ آئندہ دنوں کے دوران مغربی موصل میں ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ اطلاعات آئی ہیں کہ 23 مارچ سے 26 مارچ کے دوران مزید 95 عام شہری مارے گئے ہیں۔خیال رہے کہ مغربی موصل میں عراقی فوج اور عالمی اتحادی فوجیں داعش کے خلاف جنگ لڑ رہی ہیں۔ گنجان آباد شہر میں جاری لڑائی کے دوران عام شہریوں کا بے پناہ جانی نقصان ہوا ہے۔

ترکی کا ایران پر تین ملین پناہ گزین دھکیلنے کا الزام

لندن ۔ 28 مارچ (فکروخبر/ذرائع)ترکی اور ایران کے درمیان پناہ گزینوں کی آمد ورفت کے معاملے میں تازہ کشیدگی سامنے آئی ہے۔ دونوں ملکوں نے ایک دوسرے پر پناہ گزینوں کو داخل کرنے کا الزام عاید کیا ہے۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ایک بیان میں ترک حکام پر تہران کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کا الزام عاید کیا ہے۔ ایرانی حکومت کے ترجمان نے ترک حکومت کے ایک عہدیدار کے اس بیان کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ایران لاکھوں پناہ گزینوں کو ترکی میں دھکیل رہا ہے۔خیال رہے کہ ترک وزیراعظم کے معاون ویسی کائناک نے ترک سی این این سے بات کرتے ہوئے تین ملین پناہ گزین جن میں اکثریت افغان پناہ گزینوں کی شامل ہےایران کے راستے ترکی میں داخل ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ترک عہدیدار کے اس بیان کو بے بنیاد اور ایران کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے مترادف قرار دیا۔

تہران ۔27مارچ(فکروخبر/ذرائع)ایران نے پندرہ امریکی کمپنیوں پر اسرائیل اور اس کی دہشت گردی کی کارروائیوں کی حمایت کے الزام میں پابندیاں عاید کرنے کا اعلان کیا ہے۔ایران کی سرکاری خبررساں ایجنسی ارنا نے اتوار کے روز حکومت کے اس فیصلے کی اطلاع دی ہے لیکن اس کی حیثیت علامتی ہوگی کیونکہ امریکی کمپنیاں اور فرمیں ایران سے سرے سے براہ راست کوئی کاروبار ہی نہیں کرتی ہیں۔اس سے دو روز پہلے امریکا نے متعدد غیرملکی فرموں پر ایران کے اسلحے کے پروگرام سے تعلق اور اس کی معاونت کے الزام میں پابندیاں عاید کرنے کا اعلان کیا تھا۔

لبنان  ۔ 26 مارچ (فکروخبر/ذرائع) لبنان کی ایک صحافیہ ماریا معلوف نے ایران نواز شیعہ جنگ جو گروپ حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصراللہ کے خلاف قتل، عصمت ریزی اور اغواء کے الزامات کے تحت مقدمہ قائم کیا ہے۔العربیہ کے مطابق لبنانی پبلک پراسیکیوٹر کو دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ مدعا علیہ حسن نصراللہ قتل، اغواء اور عصمت دری کے جرائم کے مرتکب ہوچکے ہیں۔درخواست گذار لبنانی صحافیہ نے الزمات عاید کیے ہیں کہ حسن نصراللہ اور ان کے کئی قریبی ساتھی قتل، اقدام قتل، اغواء، تشدد، عصمت دری، جبری بے دخلی، شام، یمن، بحرین اور عراق میں اجتماعی قتل اور انسانیت کے خلاف جرائم کے مرتکب ہوچکے ہیں۔اس کے علاوہ مدعیہ نے اپنے دعوے میں الزام عاید کیا ہے کہ حسن نصراللہ اور ان کی جماعت لبنان، شان، یمن، بحرین اور عراق میں فرقہ واریت پھیلانے اور مسالک کے درمیان اختلافات کو ہوا دینے کےجرائم میں بھی ملوث رہے ہیں۔

مقبوضہ بیت المقدس ۔25مارچ(فکروخبر/ذرائع)قابض اسرائیلی فورسز نے فلسطین کے دریائے اردن کے مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں الجلزون پناہ گزین کیمپ میں ایک فلسطینی نوجوان کو گولیاں مار کر شہید اور تین کو زخمی کر دیا۔العربیہ کے مطابق فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں ایک فلسطینی شہری کی صہیونی فوج کی فائرنگ میں شہادت کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ یہ واقعہ جمعرات کی شام مشرقی رام اللہ میں واقع الجلزون پناہ گزین کیمپ میں پیش آیا۔اسرائیلی فوج نے حسب معمول فلسطینی نوجوان پر فائرنگ کا جواز تراشنے کے لیے اس کی طرف سے فائرنگ کا دعویٰ کیا ہے۔ قابض فوج کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ چار فلسطینی نوجوانوں نے بیت ایل کالونی کے قریب فوجیوں پر سنگ باری کے ساتھ فائرنگ بھی کی تھی جس پران کے خلاف گولی چلائی گئی۔

شام :23مارچ(فکروخبر/ذرائع)شام کے شمالی صوبے الرقہ میں ایک اسکول پر امریکا کی قیادت میں اتحاد کے فضائی حملے میں تینتیس افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔اس اسکول میں جنگ کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے افراد قیام پذیر ہیں۔برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے بدھ کو اطلاع دی ہے کہ داعش کے زیر قبضہ قصبے المنصورہ میں واقع اس اسکول پر منگل کی صبح یہ فضائی حملہ کیا گیا تھا۔یہ اسکول داعش کے مضبوط گڑھ الرقہ شہر سے قریباً تیس کلومیٹر دور واقع ہے۔رصدگاہ کے سربراہ رامی عبدالرحمان نے شام میں موجود اپنے نیٹ ورک کے حوالے سےبتایا ہے کہ اسکول میں الرقہ ،حلب اور حمص سے بے گھر ہونے والے خاندان رہ رہے ہیں۔وہ فضائی حملے کے بعد کئی گھنٹے تک تباہ شدہ عمارت کے ملبے سے لاشیں نکالتے رہے ہیں اور صرف دو افراد کو زندہ نکالا جاسکا ہے۔داعش کے زیر قبضہ علاقوں سے خبریں اکٹھی کرکے جاری کرنے والے ایک اور گروپ نے بھی اس حملے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ  الرقہ کو بڑی خاموشی سے تباہ کیا جارہا ہے۔