Live Madinah

makkah1

dushwari

حادثہ بجلی کی تاروں سے ٹکرانے سے پیش آیا

انقرہ ۔یکم جون (فکروخبر/ذرائع)ترکی کے خبر رساں اداروں کے مطابق جنوب مشرقی صوبے شرناق میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر کے حادثے کے نتیجے میں کم سے کم 12 فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔ترک خبر رساں ایجنسی دوآن کی رپورٹ کے مطابق فوجی ہیلی کاپٹر سیکورسکی  کو شرناق صوبے کے سینوبا علاقے میں حادثہ اس وقت پیش آیا جب ہیلی کاپٹر بجلی کی ہائی وولٹج  تاروں سے ٹکرا گیا۔ہیلی کاپٹر حادثے کے نتیجے میں اس میں سوار بارہ فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔ واقعے کے بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ کی طرف روانہ کردی گئی ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع نے ہیلی کاپٹر میں سوار بارہ فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

کابل۔ 31؍مئی۔(فکروخبر/ذرائع)افغانستان کے دارالحکومت کابل میں صدر کی رہائش گاہ اور غیر ملکی سفارت خانوں کے قریب آج ہوئے زبردست کار بم دھماکے میں 80 افراد ہلاک اور دیگر 350 زخمی ہو گئے۔ ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کے خدشہ سے انکار نہیں کیا جا سکتا ہے۔ کابل پولیس کے ترجمان بشیر مجاہد نے بتایا کہ دھماکہ جرمن سفارت خانے کے دروازے کے قریب ہوا، جس کے قریب متعدد دوسرے اہم احاطے اور دفاتر بھی واقع ہیں۔ فوری طور پر یہ نہیں بتایا جاسکتا کہ حملے کا اصل ہدف کیا تھا۔سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ کابل میں جرمن سفارت خانے کا کوئی ملازم زخمی ہوا ہے یا نہیں۔ دھماکہ اتنا طاقتور تھا کہ جائے حادثہ سے چند میٹر کے فاصلے پر واقع سینکڑوں گھروں کی کھڑکیاں اور دروازے ٹوٹ گئے۔ دھماکے کی ذمہ داری ابتک کسی بھی دہشت گرد تنظیم نے نہیں لی ہے۔

قاہرہ ۔30مئی(فکروخبر/ذرائع)مصر اور لیبیا کے لڑاکا طیاروں نے لیبی شہر درنہ اور اس کے نواحی علاقوں میں القاعدہ سے وابستہ مجاہدین شوریٰ کونسل کے ٹھکانوں پر سوموار کی صبح نئے فضائی حملے کیے ہیں۔مصر کے لڑاکا طیاروں نے گذشتہ جمعہ کے بعد سے لیبیا میں انتہا پسند وں کے ٹھکانوں پر متعدد فضائی حملے کیے ہیں۔ لیبیا کی فوج نے اتوار کے روز اس بات کی تصدیق کی تھی کہ مصر کے لڑاکا طیاروں نے اس کے ساتھ رابطے کے ذریعے القاعدہ کی مجاہدین شوریٰ کونسل کے ہیڈ کوارٹرز اور اس سے وابستہ بشر کیمپ پر فضائی بمباری کی تھی۔مصر لیبیا میں یہ فضائی کارروائی المنیا شہر میں قبطی عیسائیوں کی ایک بس پر نقاب پوش مسلح افراد کی فائرنگ کے ردعمل میں کررہا ہے۔دہشت گردی کے اس حملے میں انتیس قبطی عیسائی ہلاک ہوگئے تھے۔اس واقعے کے بعد مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے ایک نشری تقریر میں کہا تھا کہ ان کا ملک دہشت گردی کے کیمپوں پر کسی بھی جگہ حملے سے نہیں ہچکچائے گا اور اندرون اور بیرون ملک انھیں نشانہ بنایا جائے گا۔

دبئی ۔ 29 مئی (فکروخبر/ذرائع)خلیجی ریاست قطر کے ساتھ پیدا ہونے والی تازہ کشیدگی کے بعد قطر میں امریکی فوجی اڈے کی موجودگی پر نئے خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔جریدہ  نیوز ویک نے اپنی رپورٹ میں خبردار کیا ہے کہ قطر میں قائم امریکی فوجی اڈوں کی موجودگی خطرناک ہے۔ قطر میں امریکی فوجی اڈوں کی موجودگی دوحہ کو دہشت گردی کی حمایت پر مبنی پالیسیاں برقرار رکھنے پر اطمینان دلانے کے مترادف ہے۔امریکی جریدے نے حکومت کو بھی خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے متنازع حلیف قطر سے دوستی میں احتیاط سے کام لے کیونکہ قطر کی پالیسی ایک ہی وقت میں دوست اور دشمن دونوں کے ساتھ ہے۔ دوحہ ایک طرف دہشت گردوں سے دوستی رکھے ہوئے ہے اور دوسری طرف وہ مغرب کے ساتھ بھی کھڑا ہے۔

قاہرہ :۔28مئی(فکروخبر/ذرائع)مصر کے جنوبی صوبے المنیا میں دہشت گردی کے تازہ ترین واقعے میں بچوں سمیت کم از کم 26 قِبطیوں کو فائرنگ کر کے موت کی نیند سلا دیا گیا۔ حملے میں 26 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں اکثر کی حالت تشویش ناک ہے۔ٹوئیٹر پر ایک قِبطی ذمے دار کا کہنا ہے کہ قِبطیوں پر ہونے والے حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 35 ہے۔ادھر مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے ہنگامی طور پر ایک سکیورٹی اجلاس طلب کر لیا تا کہ المنیا کی اس وحشیانہ قتل و غارت گری کے اثرات کا جائزہ لیا جائے۔ اس دوران مصری وزارت داخلہ نے اسپیشل فورسز کی مدد سے المنیا صوبے کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کی ناکہ بندی کر دی ہے تا کہ مسلح افراد کو فرار ہونے سے روکا جا سکے۔عینی شاہدین کے مطابق 3 گاڑیوں میں سوار 10 مسلح افراد نے قِبطیوں کو لے جانے والی دو بسوں پر حملہ کر کے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ پہلی بس میں سوار افراد المنیا میں واقع مذہبی مقام "دیر الانباء صاموئیل" جا رہے تھے جب کہ دوسری بس میں المنیا صوبے کے دو دیہات سے تعلق رکھنے والے 16 مزدور سوار تھے۔المنیا کے صوبے کے سکیورٹی سربراہ اور دیگر اعلی اہل کاروں نے جائے واقعہ کا دورہ کیا۔

یو این نے یمن میں ہیضہ کے پھیلاؤ کی وارننگ جاری کر دی

دبئی ۔ 25مئی(فکروخبر/ذرائع)یمن میں مقامی انتظامیہ کے نائب وزیر عبدالسلام باعبود نے کہا ہے کہ حوثی ملیشیا اور معزول صدر علی عبداللہ صالح کے ہمنوا جنگجوؤں نے یمنی عوام کے لئے بھجوائے جانے والے امدادی سامان کے 63 بحری جہاز اور 550 امدادی کانوائے لوٹ لئے ہیں۔"بھوک اور غربت حوثی مںصوبہ" کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے باعبود نے واضح کیا کہ حوثی باغیوں کی کارروائیوں سے تقریباً 20 ملین یمنی شہری امداد کے لئے ترس رہے ہیں جبکہ 24 ملین شہری طبی ضروریات کے شدید محتاج ہیں۔علی عبداللہ صالح کے ہمنوا جنگجوؤں اور حوثی باغیوں نے صرف یمنی شہریوں کو بھوک اور ننگ کا شکار بنا کر ان کی زندگیوں کو خطرات سے دوچار نہیں کیا۔ انہوں نے یمنی شہریوں کو تقریباً آٹھ مہینوں سے تنخواہوں سے محروم کر رکھا ہے۔

ایران۔24مئی(فکروخبر/ذرائع)ایرانی صدر حسن روحانی نے پاسداران انقلاب کی طرح میزائل پروگرام کے حوالے سے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے امریکا کی طرف سے میزائل تجربات روکے جانے کا مطالبہ مسترد کردیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران نے تکنیکی طور پر جس وقت بھی میزائل تجربے کی ضرورت محسوس کی تو تجربہ کرنے میں تاخیر نہیں کی جائے گی۔العربیہ کے مطابق ایرانی صدر نے امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹیلرسن کے سعودی عرب دورے کے دوران تہران سے کیے گئے مطالبے کو مسترد کردیا جس میں انہوں نے ایران سے کہا تھا کہ وہ میزائل تجربات روکے اور خطے میں دہشت گردی سیل ختم کرے۔صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ اگر آج ہم میزائل پروگرام سے دست بردار ہوجاتے ہیں تو بعض لوگ بہت بڑی غلطی کریں گے۔ وہ خطے میں نئی کشیدگی کو ہوا دے سکتے ہیں۔

ہمارے دشمن دہشت گردوں کو ہمارے عزم کے بارے میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے

الریاض ۔21مئی(فکروخبر/ذرائع)  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے سعودی عرب کے دورے کے موقع پر آج اتوار کو قریباً پچاس عرب اور مسلم ممالک کے لیڈروں کے اجتماع سے خطاب کر رہے ہیں۔ وائٹ ہاؤس نے ان کی اس تقریر کا متن جاری کردیا ہے۔یہاں اس کے اہم اقتباسات پیش کیے جارہے ہیں۔صدر ٹرمپ کی اس تقریر کو ان کے دورے میں مرکزی حیثیت ہے۔ انھوں نے اس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کو موضوع بنایا ہے۔ اس کے متن میں کہا گیا ہے: ہم ایک اصولی حقیقت پسندی اختیار کر رہے ہیں۔اس کی جڑیں مشترکہ اقدار اور مفادات میں پیوست ہیں۔ہمارے دوست کبھی ہماری حمایت کے بارے میں سوال نہیں کریں گے اور ہمارے دشمنوں کو ہمارے عزم کے بارے میں کوئی شک نہیں ہوگا۔ ہماری شراکت داری استحکام کے ذریعے سلامتی کو بہتر بنائے گی اور روایتی اکھاڑ پچھاڑ نہیں ہوگی۔ہم حقیقی دنیا کے نتائج کی بنیاد پر فیصلےکریں گے اور غیر لچک دار نظریے کے ذریعے ایسا نہیں ہوگا۔

عراق:21 مئی(فکروخبر/ذرائع)عراق کے دارالحکومت بغداد میں ہفتے کی شام دو خود کش بمبار کاروں کے ذریعے کیے گئے دھماکوں میں کم سے کم 13 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔عراقی وزارت داخلہ اور پولیس کی طرف سے جاری کردہ بیانات میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں نے بارود سے بھری دو کاروں کو جنوبی بغداد میں دھماکوں سے اڑا دیا۔جنوبی عراق میں دہشت گردی کی کارروائی کی ذمہ داری شدت پسند گروپ داعش نے قبول کی ہے۔ 

لندن ۔20مئی (فکروخبر/ذرائع) رواں ہفتے منگل کے روز واشنگٹن میں ترکی کے سفیر کی قیام گاہ کے سامنے شدید نوعیت کے جھگڑے میں 9 افراد زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا جب ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن امریکا کے دورے پر آئے ہوئے تھے۔ مذکورہ جھڑپ کی وڈیو اکثر بین الاقوامی ذرائع ابلاغ نے نشر کی۔ تاہم جمعرات کے روز اسی واقعے سے متعلق سامے آنے والی ایک نئی وڈیو میں ترک صدر گاڑی کی کھڑکی سے سڑک پر ہونے اس لڑائی کاجائزہ لیتے دکھائی دے رہے ہیں ، بعد ازاں وہ گاڑی سے باہر نکل آئے۔مظاہرین اور ترک سکیورٹی فورسز کے اہل کاروں کے درمیان یہ تصادم خون ریز نوعیت کا تھا۔ اسی واسطے امریکا نے واقعے پر ترکی کے سامنے اپنی گہری تشویش کا اظہار بھی کیا۔ معروف ریپبلکن سینیٹر جان مکین نے ترک سفیر کو ملک سے نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ادھر ترکی نے ملامت کا ذمے دار کردستان لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والے مظاہرین کو ٹھہرایا ہے۔

صفحہ 1 کا 85