Print this page

مدرسہ تعلیم القرآن الجبیل کے زیرِ انتظام حافظ عمار کی تہنیت میں عام اجلاس کا انعقاد

مدرسہ تعلیم القرآن کی پانچ سالہ مدت میں پہلے حافظِ قران کو ڈھیروں ساری مبارکبادیاں

بھٹکل /الجبیل 31جنوری (فکروخبرنیوز ) بی ایم جے منطقۂ شرقیہ کے صدر جناب مولاناعبدالباسط حافظ ندوی کے فرزندِ ارجمند حافظ عمار کے حفظ قرآن مکمل کرتے ہوئے حافظ قرآن کی فہرست میں اپنا نام درج کئے جانے پر ان کے اعزاز میں مدرسہ تعلیم القرآن الجبیل کے زیر، اہتمام ایک عام خوبصورت اجلاس کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں منطقۂ شرقیہ میں برسرِ روزگار کئی احبابِ بھٹکل نے اس روحانی محفل میں شرکت کرتے ہوئے نورانیت کو بٹورنے کی پوری کوشش کی، اس محفل میں مہمانِ خصوصی کے طور پر جامعہ اسلامیہ جامعہ آباد کے اُستاد و صدر جمعیۃ الحفاظ بھٹکل مولانا نعمت اللہ ندوی اور مولانااقبال نائیطے ندوی خطیب مسجد حمزہ، جالی روڈ بھٹکل و اُستاد جامعہ اسلامیہ جامعہ آباد بھٹکل شرکت کی ، جب کہ مسلم خلیج کونسل کے صدر جناب صادق پلور اور جناب یونس قاضیا بھی اسٹیج پر موجود تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانانعمت اللہ ندوی نے عوام سے درخواست کی کہ گھر میں کم سے کم ایک فرد کو حافظ بنایا جائے ، اور ساتھ ہی احیاء المدارس کی کدو کاوشوں کو سامنے رکھتے ہوئے اپنے سفر کے اغراض پر روشنی ڈالی اور احیاء المدارس کے لئے تعاون کرنے کی اپیل کی، مولانا اقبال نائطے ندوی صاحب نے بھی اس موقع پر قرآن کی عظمت پر روشنی ڈالتے ہوئے پرمغز خطاب کیااور قرآن و حدیث کی روشنی میں عوام کو قرآن سے جڑے رہنے کی تلقین کی۔اس موقع پر جناب پلور صادق، و یونس قاضیا نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے حافظ عمار کو مبارکبادی پیش کی، جلسہ کی صدارت کررہے جناب حافظ عبدالباسط ندوی نے اپنے صدارتی خطاب میں مدرسہ کی کارکردگی پر تفصیلاً روشنی ڈالی اور کہا کہ پانچ سالہ مدت میں تعلیم القرآن سے یہ پہلے حافظ قرآن فارغ ہوئے ہیں، اور جملہ تیس طلبہ و طالبات یہاں زیرِ تعلیم ہیں، مدرسہ میں دو اساتذہ حفظ و ناظرہ کے ساتھ اسلامیات کی تعلیم دے رہے ہیں۔ ملحوظ رہے کہ مدرسہ تعلیم القرآن الجبیل مولانا حافظ عبدالباسط کی کوششوں اور کاوشوں کا ہی نتیجہ ہے کہ آج یہاں سے پہلا حافظ قرآن ہمارے سامنے ہے ، ابتدائی مراحل میں یہاں کے کچھ اہلِ خیرحضرات کے تعاون سے یہ مدرسہ آگے بڑھا اور اس کے اخراجات پورے کئے جاتے رہے جب کہ اب اس مدرسہ کی پوری ذمہ داری مولانا موصوف خود سنبھال رہے ہیں، اللہ ان کی قربانیوں کو قبول فرمائے۔ اجلاس کے دوران حافظ عمار کو اعزاز سے نوازتے ہوئے مومنٹو پیش کیا گیا، جلسہ میں جان بھرنے کے لئے جناب ابراہیم خلیل جوہر نے اپنا کلام سنایا تو وہیں مولاناتنویر ندوی نے بھی اپنانائطی کلام سنا کر عوام کی داد وصولی۔ مہمانوں کے لئے ظہرانے کا بھی انتظام کیا گیا تھا، اس موقع پر الجبیل کے جمیع ممبران کے علاوہ بی ایم جے منطقۂ شرقیہ کے تمام اراکین ، دمام و الخبر سے خصوصی مدعوئین شریک تھے۔