Live Madinah

makkah1

dushwari

تازہ ترین خبر:

غرب اردن کا اسرائیل سے الحاق امن مساعی پرراست حملہ :فلسطینی اتھارٹی

راملہ:14؍فروری2018(فکروخبر/ذرائع)فلسطینی اتھارٹی نے اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے کی یہودی کالونیوں کو اسرائیل کا حصہ قرار دینے کی صہیونی کوششوں کی شدید مذمت کی ہے۔ فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ غرب اردن کی یہودی کالونیوں کے بارے میں اسرائیلی ریاست کا کوئی بھی اقدام امن مساعی پر براہ راست حملہ تصور ہوگا۔مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کے ترجمان نبیل ابو ردینہ نے کہا کہ مقبوضہ غرب اردن اور مقبوضہ بیت المقدس کا صہیونی ریاست میں الحاق کی کوششیں بچی کچھی امن کوششیں بھی ختم کردیں گی۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے کہا تھا کہ انہوں نے امریکی انتظامیہ سے غرب اردن کی یہودی کالونیوں کو اسرائیل میں ضم کرنے کی بات کی ہے تاہم امریکا نے اسرائیل کے اس دعوے کی سختی سے تردید کی ہے۔ترجمان نے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے یک طرفہ طورپر غرب اردن اور بیت المقدس کے بارے میں اقدامات عدم استحکام اور کشیدگی کے سوا کوئی فایدہ نہیں دیں گے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اسرائیل کی طرف سے غرب اردن کے بارے میں کوئی فیصلہ تنازع کےسیاسی حل کی عالمی کوششوں کو تباہ کردے گا۔ابو ردینہ کا کہنا تھا کہ صہیونی ریاست کے لیے یہ مناسب نہیں کہ وہ عالمی قوانین اور قراردادوں کو بائی پاس کرتے ہوئے من مانی کرے اور فلسطین پر قبضے کی سازشوں کو آگے بڑھائے۔