Live Madinah

makkah1

dushwari

کابل میں نجی ٹی وی چینل پر حملے میں دو افراد ہلاک اور متعددزخمی

کابل:08؍نومبر2017(فکروخبر/ذرائع)مسلح دہشت گردوں نےمنگل کی صبح کابل میں افغانستان کے نجی ٹی وی چینل شمشاد کے دفتر پر حملہ کردیا جس کے دوران دو افراد ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہوگئے۔کابل سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق پولیس کی وردی میں ملبوس حملہ آوروں نے نجی ٹی وی چینل شمشاد کے دفتر میں داخل ہوکر حملہ کیا اور عملے کے افراد کو یرغمال بنالیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی افغانستان کی خصوصی فورس حرکت میں آئی اور اس نے دہشت گردوں کے خلاف جوابی کارروائی کی جو تین گھنٹے تک جاری رہی۔

خصوصی فورس اور دہشت گردوں کے درمیان لڑائی کے دوران مسلح دہشت گردوں نے دستی بموں اور دیگر آتشیں ہتھیاروں کا بھی استعمال کیا۔تین گھنٹے کی کارروائی کے بعد سیکورٹی فورس نے حالات کو قابو کیا اور پھر شمشاد ٹی وی کے ہی ذریعے اعلان کیا گیا کہ حملہ آوروں پرقابو پا لیا گیا ہے۔دہشت گردوں کے حملے میں دو افراد ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ بتایا جاتاہے کہ ایک دہشت گرد بھی مارا گیا ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی تعداد دو سے زیادہ تھی۔