Live Madinah

makkah1

dushwari

بغداد میں کار خود کش حملوں میں 13 افراد ہلاک،15 زخمی(مزید اہم ترین خبریں )

عراق:21 مئی(فکروخبر/ذرائع)عراق کے دارالحکومت بغداد میں ہفتے کی شام دو خود کش بمبار کاروں کے ذریعے کیے گئے دھماکوں میں کم سے کم 13 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔عراقی وزارت داخلہ اور پولیس کی طرف سے جاری کردہ بیانات میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں نے بارود سے بھری دو کاروں کو جنوبی بغداد میں دھماکوں سے اڑا دیا۔جنوبی عراق میں دہشت گردی کی کارروائی کی ذمہ داری شدت پسند گروپ داعش نے قبول کی ہے۔ 

اسماعیل ھنیہ کی روسی نائب وزیرخارجہ سے ٹیلیفون پر بات چیت

غزہ ۔21 مئی(فکروخبر/ذرائع)اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے گذشتہ روز روسی نائب وزیرخارجہ میخائل بوگدانوف سے ٹیلفیون پر بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں میں ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو میں فلسطین کی تازہ ترین صورت حال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسماعیل ھنیہ کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جماعت کے سیاسی شعبے کے نو منتخب سربراہ اسماعیل ھنیہ نے نائب روسی وزیرخارجہ میخائل بوگدانوف سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔بیان میں بتایا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں فلسطین کی موجودہ صورت حال، اسرائیلی جیلوں میں فلسطینی اسیران کی بھوک ہڑتا، فلسطین میں یہودی آباد کاری اور دیگر موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔روسی نائب وزیرخارجہ نے حماس کے قائد پر زور دیا کہ وہ فلسطینی دھڑوں میں مفاہمت کیلئے اقدامات کریں۔ اس موقع پر روسی نائب وزیرخارجہ نے حماس کی نئی پالیسی دستاویز پر بھی بات کی اور اسے اہم پیش رفت قرار دیا۔ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ فلسطینی قوم کو اپنے لیے آزاد وطن کے حصول کا حق ہے۔خیال رہے کہ اسماعیل ھنیہ کو چھ مئی کو جاری کردہ ایک بیان میں جماعت کے سیاسی شعبے کا سربراہ منتخب کیاگیا تھا۔ان سے قبل خالد مشعل جماعت کے سیاسی شعبے کے قائد تھے۔

بھوک ہڑتالی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی ،یوم الغضب اور نفیر عام منایا گیا

غزہ۔21 مئی(فکروخبر/ذرائع)فلسطین کے مقبوضہ شہروں میں گزشتہ روز اسرائیلی زندانوں میں پابند سلاسل فلسطینی بھوک ہڑتالی اسیران کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر یوم الغضب اور نفیر عام منایا گیا۔قابض صہیونی فورسز نے حسب معمول نہتے مظاہرین کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں دسیوں مظاہرین زخمی اور آنسوگیس کی شیلنگ سے بے ہوش ہوگئے۔فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق غرب اردن کے مختلف شہروں میں اسیران کی حمایت میں نکالی جانے والی ریلیوں پر اسرائیلی فوج نے اندھا دھند لاٹھی چارج، آنسوگیس کی شیلنگ اور دھاتی گولیوں کا استعمال کیا۔ تشدد کے نتیجے میں زخمی ہونے والے 8فلسطینی مظاہرین کو اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے جبکہ آنسوگیس کی شیلنگ سے 30 فلسطینی بے ہوش ہوگئے۔فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے بتایا کہ غزہ کی پٹی کے مشرقی علاقے میں بڑی تعداد میں فلسطینی شہریوں نے اسیران کی حمایت میں ریلی نکالی۔ فلسطینی شہریوں کی پرامن ریلی پر اسرائیلی فوج نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 8 فلسطینی زخمی ہوگئے جبکہ 30شہری آنسوگیس کی شیلنگ میں زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو مشرقی غزہ کے اسپتالوں میں لے جایا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے بعض شہریوں کی حالت تشویشناک ہے۔ غزہ کی پٹی میں پانچ التماسی نقاط پر اسرائیلی فوج اور فلسطینی مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ادھر مقبوضہ غرب اردن میں بھی ہزاروں فلسطینیوں نے نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد صہیونی فوج کے خلاف اور اسیران کی حمایت میں ریلیاں نکالیں۔اسرائیلی فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج کیا اور تشدد کے مجرمانہ حربے آزمائے جس کے نتیجے میں دسیوں فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔

ماہ صیام میں فلسطینیوں کی مزاحمت میں شدت کا امکان ہے ،صہیونی فوجی حکام

مقبوضہ بیت المقدس۔21 مئی(فکروخبر/ذرائع)اسرائیلی فوج نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جون میں اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی اسیران کی بھوک ہڑتال جاری رہنے کی صورت میں فلسطینیوں کی عوامی احتجاج اور پرتشدد کارروائیوں میں اضافے کا قوی امکان موجود ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ ایام میں غرب اردن کے شہروں رام اللہ ، النبی صالح، سلواد اور حوارہ میں فلسطینیوں کی پرتشدد جھڑپیں اور دو فلسطینیوں کی شہادت سے ظاہر ہوتا ہے کہ فلسطینی شہریوں کی عوامی مزاحمت آنے والے دنوں میں مزید شدت اختیار کرسکتی ہے۔اخبار نے اسرائیلی فوجی افسران کے بیانات کے حوالے سے بتایا ہے کہ ماہ صیام کے دوران اسیران کی بھوک ہڑتال جاری رہتی ہے تو فلسطینیوں کی احتجاج کی شدت میں بھی اضافہ ہوگا۔صہیونی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ ماہ صیام کے دوران امن وامان کے قیام کیلئے غرب اردن کے علاقوں میں اسرائیلی فوج کی نفری میں اضافہ کرنا پڑ سکتا ہے جس کے نتیجے میں فلسطینی شہروں کا محاصرہ مزید سخت ہوگا۔خیال رہے کہ اسرائیلی جیلوں میں گذشتہ 34دنوں سے دو ہزار سے زائد فلسطینی اسیران اپنے حقوق کیلئیبطور احتجاج بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔ جیلوں سے باہر فلسطینیوں کی بڑی تعداد روزانہ سڑکوں پر نکل کر اسیران کی حمایت میں ریلیاں منعقد کرتی ہے جب کہ صہیونی فوج فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ان پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کرتے ہیں۔گزشتہ روز جمعہ کو اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں ایک فلسطینی شہری شہید ہوگیا جبکہ ایک فلسطینی صحافی کو جمعرات کے روز شہید کردیا گیا تھا۔

صدر محمود عباس سیر سپاٹوں میں مصروف ، بھوک ہڑتالی اسیران کی کوئی پرواہ نہیں،اہلیہ احمد سعدات

آْسخنین ۔21 مئی(فکروخبر/ذرائع)اسرائیلی جیلوں میں پابند سلاسل بھوک ہڑتالی فلسطینی اسیران کے معاملے میں مجرمانہ لاپرواہی برتنے پر فلسطینی سیاسی قیادت نے رام اللہ اتھارٹی اور صدر عباس پر کڑی تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھوک ہڑتالی اسیران موت کے منہ میں ہیں اور صدرعباس دنیا بھرمیں سیر سپاٹے میں مصروف ہیں۔فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے اسیر سیکرٹری جنرل احمد سعدات کی اہلیہ عبلہ سعدات نے اندرون فلسطین سخنین شہر میں اسیران کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے نکالے گئے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 17اپریل سے اسرائیلی جیلوں میں بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی قیدی زندگی اور موت کی کیفیت میں ہیں۔ دوسری طرف فلسطینی اتھارٹی اور صدر محمود عباس دنیا بھر میں سیر سپاٹے میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ صدرعباس کبھی امریکا، کبھی بھارت اور کبھی روس کے دورے پر ہوتے ہیں مگر انہیں بھوک ہڑتالی اسیران کی کوئی پرواہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ قومی ہیروز کے معاملے میں لاپرواہی برتے وہ قوم کے خیر خواہ نہیں۔خیال رہے کہ اسرائیلی جیلوں میں 1800 فلسطینی اسیران اجتماعی بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔ فلسطینی اتھارٹی اور صدرعباس پرالزام ہے کہ انہوں نے اسیران کے معاملے کو قومی اور عالمی سطح پر نہیں اٹھایا جتنا کہ ان کی ذمہ داری تھی۔

افغانستان میں عورتوں کا پہلا ٹیلی وژن چینل آج سے نشریات شروع کرے گا 

کابل ۔ 21 مئی(فکروخبر/ذرائع)افغانستان میں خواتین کا پہلا ٹیلی ویژن چینل ’ زن ٹی وی‘ آج (اتوار) سے نشریات شروع کرے گا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک ایسا معاشرہ جہاں زندگی کے ہر شعبے پر مرد چھائے ہوئے ہیں وہاں خواتین کیلئے علیحدہ ٹیلی ویژن خوش گوار اضافہ ہے۔اس چینل کیلئے تمام پروڈیوسر اور اینکر خواتین سے لیے گئے ہیں۔اگرچہ اکثر افغان ٹی وی چینلز پر خواتین نیوز ریڈرز دکھائی دیتی ہیں مگر اس ٹیلی ویژن کے تمام عملے کا خواتین پر مشتمل ہونا ایک منفرد بات ہے۔خواتین کے لیے علیحدہ ٹی وی چینل کا آغاز اس جانب اشارہ ہے کہ تشدد کے واقعات کے باوجود افغان معاشرے میں تبدیلی آ رہی ہے اگرچہ اس کی رفتار سست ہے۔زن ٹی وی کی ایک 20 سالہ پروڈیوسر خطیرہ احمدی نے صحافیوں کو بتایا کہ انھیں اس ٹیلی وڑن کے قیام پر بہت خوشی ہوئی ہے کیونکہ ہمارے معاشرے میں بہت سی عورتیں ایسی ہیں جنہیں اپنے حقوق کا علم نہیں ہے۔زن ٹی وی ملک میں تقریباً 40 کے قریب پہلے سے موجود ٹی وی چینلز میں ایک نیا اضافہ ہے لیکن اس کی کامیابی کی کوئی ضمانت نہیں ہے۔زن ٹی وی کے بانی حامد ثمر کا کہنا ہے کہ انہوں نے کابل میں یہ چینل اس لیے قائم کیا ہے کیونکہ یہاں پڑھی لکھی خواتین کی ایک بڑی تعداد خبروں اور مباحثوں کے ذریعے اپنے تجربات دوسری عورتوں تک پہنچانا چاہتی ہیں۔محدود سرمائے سے قائم کیا جانے والا یہ چینل کم لاگت کی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پر انحصار کررہا ہے اور اس کا اسٹوڈیو کابل میں ہے۔ زن ٹی وی اپنی توجہ زیادہ تر ٹاک شوز، صحت اور موسیقی پر مرکوز رکھنا چاہتا ہے۔عملے میں شامل کئی خواتین کا کہنا ہے کہ انہوں نے خاندان کی مخالفت اور بعض عناصر کی دھمکیوں کی پروا نہ کرتے ہوئے اس شعبے میں آگے آنے کا فیصلہ کیا کیونکہ اس سے دوسرے عورتوں میں حوصلہ پیدا ہو گا۔

صومالیہ میں الشباب نے دو افراد کو ہاتھ کاٹنے کی سزا دے دی

موغادیشو ۔ 21 مئی(فکروخبر/ذرائع)صومالیہ کے انتہا پسند گروپ الشباب نے چوری کے الزام پر دو افراد کے دائیں ہاتھ کاٹ دیے۔ ہفتہ کو ذرائع ابلاغ کے مطابق القاعدہ سے منسلک اس گروپ نے کہا ہے کہ انہیں ایک دکان سے تقریباً 500 ڈالر مالیت کا سامان چوری کرنے پر شرعی عدالت کے فیصلے کے تحت سزا دی گئی ہے۔دونوں افراد نے صومالیہ کے جنوبی علاقے باکول کے قصبے تیے گلو میں چوری کرنے کا اعتراف کیا۔باکول کے گورنر معلم گیدو نے صحافیوں کو بتایا کہ عدالت نے انہیں رقم لوٹانے کا حکم دیا تھا۔الشباب گروپ صومالیہ کی مرکزی حکومت کا تختہ الٹ کر وہاں اسلامی شریعت کے نافذ کے لیے لڑ رہا ہے۔جن علاقوں پر اس کا قبضہ ہے وہاں وہ چوری سے لے کر جاسوسی تک پر مبنی الزامات کی مختصر عدالتی سماعت کے بعد لوگوں کو قتل، کوڑے مارنے، اور جسم کا کوئی حصہ کاٹ کر الگ کرنے کی سزائیں دی جاتی ہیں۔

ایرانی صدر حسن روحانی صدارتی انتخابات میں دوبارہ کامیاب

تہران ۔21 مئی(فکروخبر/ذرائع)ایرانی صدر حسن روحانی صدارتی انتخابات میں دوبارہ کامیاب ہوگئے ہیں جنہوں نے اپنے حریف صدارتی امیدوار ابراہیم ریسی کوشکست دی ایرا نی سرکاری ٹی وی کے مطابق صدرحسن روحانی نے 22.8 ملین ووٹ اور ابراہیم ریسی نے 15.5ملئن ووٹ حاصل کئے 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کاسعودی عرب آمد پر پرتپاک خیر مقدم کیا گیا

ریاض ۔21 مئی(فکروخبر/ذرائع)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے پہلے غیر ملکی دورہ پر ہفتہ کو جب سعودی عرب کے دارالحکومت پہنچے تو ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا گیا۔ ہفتہ کو ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کی مطابق صدر ٹرمپ اپنی اہلیہ ملانیا اور اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ریاض پہنچے ، نے ہوائی اڈہ پر سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے ساتھ مصافحہ کیا اور غیر رسمی بات چیت کی۔ وہ اعلیٰ سعودی قیادت کے ساتھ ملاقات کے علاوہ اتوار کو اسلامی ممالک کے سربراہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔ امریکی صدر کے ہمراہ خاتون اول ، ان کی بیٹی ، داماد ، صدارتی مشیر، ایونکا ٹرمپ اور سینئر مشیر جیرڈ کشز بھی گئے ہیں۔ اپنے دورہ کے آخری مرحلہ میں وہ مقبوضہ بیت المقدس اور ویٹی کن بھی جائیں گے۔

سٹینڈرڈ اینڈ پوورزنے سرمایہ کاری کیلئے انڈونیشیاء کی کریڈٹ ریٹنگ میں اضافہ کردیا

جکارتہ ۔21 مئی(فکروخبر/ذرائع)بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی ’’ سٹینڈرڈ اینڈ پوورز‘‘ نے سرمایہ کاری کیلئے انڈونیشیاء کی کریڈٹ ریٹنگ میں اضافہ کردیا۔ذرائع ابلاغ کے مطابق سٹینڈرڈ اینڈ پوورز نے انڈونیشیاء کی کریڈٹ ریٹنگ میں اضافہ دیگر دو ریٹنگ ایجنسیوں فچ اور موڈی کے تعاون سے کیا۔ایس اینڈ پی کی جانب سے انڈونیشیاء کو بی بی بی مائنس گریڈ دیا گیا ہے جو موجودہ بی بی پازیٹو سے زیادہ ہے۔اس سے ملک کے مالیاتی نظام کو مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔

پہلی سہ ماہی کے دوران ملائیشیاء کی 5.6 فیصد اقتصادی شرح نمو

کوالالم پور ۔ 21 مئی(فکروخبر/ذرائع)ملائیشیاء نے کہا ہے کہ پہلی سہ ماہی کے دوران اس کی اقتصادی شرح نمو 5.6 فیصد رہی جو کہ توقع سے زیادہ ہے جس کی وجہ مصنوعات کی مقامی طلب اور برآمدات میں اضافہ ہے۔مرکزی بینک ’’بی این ایم ‘‘ کے گورنر محمد ابراہیم نے صحافیوں کو بتایا کہ جنوری سے مارچ کے دوران ملک کی اقتصادی شرح نمو 5.6 فیصد رہی جبکہ ماہرین نے اس کے 4.8 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی تھی۔2016 ء کی آخری سہ ماہی میں اقتصادی شرح نمو 4.5 فیصد رہی تھی۔انھوں نے کہا کہ مارچ کے دوران ملکی مصنوعات کی برآمد میں 24.1 فیصد اضافہ ہوا جبکہ فروری میں 26.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ برآمدات میں اضافے کے باوجود تجارتی منافع کی شرح پچھلی سہ ماہی کی سطح 12.5 ارب رنگٹ سے کم ہوکر 5.3 ارب رنگٹ رہی جس کی وجہ اشیاء پر منافع میں کمی اور خدمات کے شعبے میں خسارہ ہے۔سہ ماہی کے دوران زر مبادلہ کی بیرون ملک ترسیل کی مالیت 31.9 ارب رنگٹ رہی جو ایک سہ ماہی قبل 19.1 ارب رنگٹ رہی تھی۔اس عرصے کے دوران افراط زر کی شرح 4.3 فیصد رہی۔

انڈونیشیاء میں ایک بحری جہاز میں آتشزدگی کے باعث 5افراد ہلاک ہو گئے

جکارتہ ۔ 21 مئی(فکروخبر/ذرائع)انڈونیشیاء میں ایک بحری جہاز میں آتشزدگی کے باعث 5افراد ہلاک ہو گئے ۔ ہفتہ کو عالمی میڈیا نے نیشنل ڈزاسٹر منیجنگ ایجنسی کے حوالہ سے بتایا کہ جزیرہ جاوا کے نزدیک بحری جہاز میں اچانک آگ لگ گئی جس کے بعد کپتان نے مسافروں کو بحری جہاز سے باہر نکل جانے کی ہدایت کی ۔ فوری طور پر امدادی کارروائیوں کے ذریعے 141مسافروں کو بچا لیا گیا جبکہ 5لاشوں کو بھی برآمد کر لیا گیا ۔ حکام کے مطابق بحری جہاز میں آتشزدگی اس پر لدے ہوئے ٹرکوں میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے ہوئی۔ اس سال جنوری میں بھی ایک کشتی میں آتشزدگی کے باعث 23افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ 

افغان صوبہ لوگر میں گاڑی سڑک کے کنارے نصب بم سے ٹکرانے سے ایک ہی خاندان کے 11افراد جاں بحق ہوگئے

کابل ۔ 21 مئی(فکروخبر/ذرائع)افغانستان کے مشرقی صوبہ لوگر میں ایک گاڑی سڑک کے کنارے نصب بم سے ٹکرانے سے ایک ہی خاندان کے 11افراد جاں بحق ہوگئے ، ہفتہ کو ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق ہلاک شدگان شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے جا رہے تھے ۔ فوری طور پر کسی مسلح گروپ نے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ۔ صوبہ لوگر کے گورنر محمد حالم فیدے نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ یہ واقعہ لوگر صوبہ کے ضلع محمد آغا میں پیش آیا جب ٹیوٹا سیڈان گاڑی سڑک کے کنارے نصب بم سے ٹکرا گئی ۔ جاں بحق ہونے والوں میں 5بچے اور 5خواتین شامل ہیں۔ صوبائی حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ میں طالبان ملوث ہیں جو بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔