dushwari

سعودی عرب:30مئی(فکروخبر/ذرائع)سعودی عرب کے مفتی اعظم الشیخ عبدالعزیز آل الشیخ نے روزہ افطار کرانے والے حضرات کوخبردار کیا ہے کہ وہ افطاری میں فضول خرچی سے سختی سے اجتناب کریں کیونکہ اسراف تقویٰ کے خلاف ہے۔العربیہ کے مطابق اپنے ایک بیان میں سعودی مفتی اعظم نے کہا کہ ماہ صیام کے دوران مخیر حضرات روزہ داروں کی افطاری، سحری اور انہیں انواع اقسام کے کھانے کھلانے میں سبقت لے جانے کی کوشش کرتے ہیں۔ حرمین شریفین کی زیارت کے لیے آنے والے اللہ کے مہمانوں کی افطاری اور ضیافت بلا شبہ بڑے اجرو ثواب کا کام ہے مگر بہت سے لوگ افطاری میں اسراف سے کام لیتے ہیں۔

یمن۔30مئی(فکروخبر/ذرائع)یمن کی قومی فوج نے جنوب مغربی شہر تعز میں حوثی باغیوں کے زیر قبضہ ری پبلکن (جمہوری) محل پر سوموار کے روز دھاوا بول دیا ہے اور اس کے مغربی جانب واقع بیشتر علاقے پر قبضہ کر لیا ہے۔یمنی صدر عبد ربہ منصور ہادی کی وفادار فورسز نے جمعے کے روز تعز میں حوثی باغیوں کے زیر قبضہ تزویراتی اہمیت کے حامل اس جمہوری محل کے خلاف نئی کارروائی کا آغاز کیا تھا۔ تب سے ان کی حوثی باغیوں کے ساتھ شدید جھڑپیں جاری ہیں۔تعز کے شہری ذرائع نے بتایا ہے کہ مسلح افواج نے اس محل کے آس پاس واقع تزویراتی اہمیت کے حامل علاقوں پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا ہے اور لڑائی میں اٹھارہ حوثی جنگجو مارے گئے ہیں۔

مدینہ منورہ۔ 29 مئی (فکروخبر/ذرائع)"العربیہ " کی ٹیم نے مدینہ منورہ میں واقع "بئرِ رومہ" کا دورہ کیا جو "بئرِ عثمان" کے نام سے مشہور ہے۔ 1400 برس پہلے دامادِ رسول اور خلیفہ سوم حضرت عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ نے اس کنوئیں کو خرید کر قیامت تک کے لیے مسلمانوں کے واسطے وقف کر دیا تھا۔اس کنوئیں کے پانی سے آج بھی ملحقہ باغِ عثمان کو سیراب کیا جاتا ہے۔ یہ باغ سعودی وزارت زراعت کے زیرِ نگرانی ہے جس کی وجہ سے انتہائی اہمیت کے حامل ہونے کے باوجود زائرین کو اس مقام میں داخل ہونے میں دشواری پیش آتی ہے۔

دبئی:۔ 29 مئی (فکروخبر/ذرائع)دنیا کے مہنگے ترین فٹ بالر اور فرانسیسی ٹیم کے رکن "پال پوگبا" نے اتوار کی شام فیس بک پر اپنی ایک تصویر جاری کی جس میں وہ مسجدِ حرام میں بیت اللہ کے قریب احرام میں ملبوس نظر آ رہے ہیں۔مانچسٹر یونائیٹڈ کے ستارے نے خانہ کعبہ کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ "یہ سب سے خوب صورت چیز ہے جو میں نے اپنی زندگی میں دیکھی"۔اس سے قبل پال نے مطاف میں کھڑے ہو بنائی گئی بیت اللہ کی ایک وڈیو بھی فیس بک پر جاری کی تھی اور اس پر تبصرہ کرتے ہوئے "رمضان کریم" تحریر کیا تھا۔ادھر ٹوئیٹر پر سرگرم حلقوں نے ہفتے کے روز معروف فرانسیسی کھلاڑی کی تصاویر پوسٹ کی تھیں جن میں وہ رمضان کے پہلے روز عمرے کی ادائیگی کرتا ہوا نظر آ رہا ہے۔

۔ 28 مئی (فکروخبر/ذرائع)رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی گھروں میں دسترخوان ذائقے دار بہترین کھانوں بالخصوص گوشت پر مشتمل خوراکوں سے بھر جائیں گے۔ تاہم ہمیں ان اشتہا انگیز پکوانوں کے قریب جانے سے قبل اچھی طرح سوچ لینا چاہیے کیوں کہ ان میں سے بعض کھانوں کے سبب ہمیں مہلک امراض کا سامنا ہو سکتا ہے !ایک نئی امریکی تحقیق کے مطابق سُرخ گوشت کے زیادہ کھانے سے آٹھ عام معروف امراض کے سبب موت کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ ان امراض میں سرطان ، ذیابیطس ، امراض قلب اور اسی طرح موت کی "دیگر تمام وجوہات" شامل ہیں۔تحقیق کے دوران محققین نے تقریبا 5.37 لاکھ افراد کی معلومات کا جائزہ لیا جن کی عمر 50 سے 71 برس کے درمیان تھی۔ اس دوران یہ بات سامنے آئی کہ جن افراد نے سرخ گوشت کی زیادہ مقدار استعمال کی اُن میں موت کے امکانات کی شرح سُرخ گوشت کم کھانے والوں کے مقابلے میں 26% زیادہ رہی۔

دبئی:۔ 25مئی(فکروخبر/ذرائع)دبئی پولیس اور جنرل سکیورٹی کے نائب سربراہ ضاحی خلفان نے اُس حالیہ بیان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے جس میں قطر نے اخوان المسلمین اور ایران کے متعلق اپنے موقف کا اعلان کیا۔ خلفان نے اس اعلان کو ایک سیاسی المیہ قرار دیا جس نے قطر کو دہشت گردی سے متعلق عرب اور اسلامی ممالک کے اُس موقف سے منحرف کر دیا جو ریاض کے سربراہ اجلاسوں کے نتیجے میں سامنے آیا تھا۔ضاحی خلفان نے مختلف ٹوئیٹس میں اپنے موقف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ " یقینا قطر کا الاخوان اور ایران کو سعودی عرب ، امارات ، کویت اور بحرین پر مقدم کرنا ایک سیاسی المیہ ہے۔ ریاض میں تینوں سربراہ اجلاسوں کے بعد عرب ، اسلامی اور پوری دنیا کی سطح پر یکساں موقف سامنے آیا۔ تاہم قطر اب منحرف ہو کر اس صف سے نکل گیا۔ ہم اللہ سے ان کے لیے ہدایت کی دعا کرتے ہیں"۔

الجزیرہ کے آن لائن پورٹل پر پابندی کے بعد صارفین کو ملنے والا پیغام

قطر:24مئی(فکروخبر/ذرائع)قطر سے نشریات پیش کرنے والے عرب نیوز چینل 'الجزیرہ' سمیت متعدد قطری نیوز ویب سائٹس تک رسائی کو سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں بلاک کر دیا گیا ہے۔العربیہ نیوز چینل نے اس پابندی کی وجہ قطر کی سرکاری نیوز ایجنسی 'قنا' کی جانب سے جاری ہونے والے امیر قطر کے بیانات اور دوحہ کی جانب سے انتہا پسند تنظیموں اور بحرین کے واقعات پر شہہ دینا بیان کی گئی ہے۔

دبئی۔23مئی(فکروخبر/ذرائع)دبئی پولیس نے اعلان کیا ہے کہ اُس کی فورس میں دنیا کا پہلا روبوٹ پولیس اہل کار شامل کر لیا گیا ہے۔ امتیازی خصوصیات کا حامل یہ روبوٹ ویزوں ، طبی انشورنس اور طویل تربیت کا متقاضی نہیں ہوگا۔ یہ خود کے سپرد کی جانے والی ذمے داری کو انجام دینے اور دبئی کی شاہراہوں پر شہریوں اور لاکھوں سیاحوں کے ساتھ تعاون کے لیے ہمہ وقت تیار ہو گا۔ نئے مشینی اہل کار کی پولیس فورس میں شمولیت کے موقع پر روبوٹ پولیس مین نے تقریب کے حاضرین کو سلامی دی۔ تقریب میں دبئی پولیس اور جنرل سکیورٹی کے نائب سربراہ لیفٹننٹ جنرل ضاحی خلفان تمیم بھی موجود تھے۔اماراتی روزنامے "الخلیج" کے مطابق سڑکوں پر گشت کے دوران مصنوعی ذہانت کا حامل روبوٹ چہروں کو پہچاننے کے لیے خصوصی سافٹ ویئر پروگرام کو استعمال کرے گا تا کہ مجرموں اور مطلوب افراد کی شناخت اور ان کو پکڑنے میں پولیس افسران کی مدد کر سکے۔

امریکا، عرب،مسلمان ممالک کی 34 ہزار سپاہیوں پر مشتمل فورس

سعودی عرب۔21مئی(فکروخبر/ذرائع)سعودی عرب کی میزبانی میں کل اتوار کے روز مسلمان، عرب ممالک اور امریکا کی سربراہ کانفرنس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے ایک نئی فورس کی تشکیل کا اعلان کیا گیا ہے جس میں ابتدائی طور پر34 ہزار فوجیوں کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔العربیہ  کے مطابق ریاض میں اسلامی، عرب ، امریکی سربراہ کانفرنس سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کےزیر صدارت منعقد کی گئی جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور 55 مسلمان ممالک کے سربراہان مملکت نے شرکت کی۔اس موقع پر انسداد دہشت گردی کے لیے ایک فورس کی تشکیل کا اعلان کیا گیا۔ کانفرنس میں اعلان کیا گیا کہ آئندہ سال مشرق وسطیٰ میں نیا اسٹریٹیجک اتحاد تشکیل دیا جائے گا جو دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑنے کے ساتھ ساتھ اتحاد میں شامل ممالک کے دفاعی اور اقتصادی مفادات کا تحفظ کرے گا۔

دبئی۔ 21 مئی (فکروخبر/ذرائع) سعودی عرب اور امریکا کے درمیان 280 ارب ڈالر کے غیرمعمولی نوعیت کے معاہدوں اور غیر مسبوق اقتصادی تعاون کی یاداشتوں کی منظوری دی گئی ہے۔ ان نئے معاہدوں کے دونوں ملکوں کی معیشت پر اثرات آئندہ چند برسوں کے دوران ظاہر ہونا شروع ہوجائیں گے۔ دوطرفہ معاہدوں کے نتیجے میں روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے۔العربیہ  کے مطابق ریاض میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودگی میں ضمنی طور پران معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔اس موقع پر دونوں حکومتوں کی اعلیٰ شخصیات اور کاروباری کمپنیوں کے سربرہان بھی موجود تھے۔ اقتصادی اعتبار سے اہم ترین معاہدوں میں بلاک اسٹون اور پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے درمیان طے پایا معاہدہ شامل ہے۔ توقع ہےکہ پیش آئند برسوں کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان باہمی معاہدوں کا حجم 3 کھرب 50 ارب ڈالر سے تجاوز کرجائے گا۔

صفحہ 1 کا 65