dushwari

تازہ ترین خبر:

سعودی عرب میں کتے پر تشدد کرنیوالے شہری کو 30ہزار ریال جرمانہ

دو مقامی اخبارات میں کتے کے ساتھ ناروا سلوک کی خبربھی شہری کے خرچے پر شائع کی جائے،وزارت ماحولیات کا فیصلہ

مکہ مکرمہ۔09فروری 2018(فکروخبر /ذرائع) وزارت ماحولیات و پانی و زراعت نے کتے پر تشدد کرنے والے سعودی پر 30ہزار ریال جرمانہ کردیا اور دو مقامی اخبارات میں اس کی تشہیر خود اس کے خرچ پر کرنے کا فیصلہ بھی سنا دیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزارت کے ترجمان ڈاکٹر عبداللہ ابا الخیل نے اس کی تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کیا کہ مقامی شہری نے کتے کو گاڑی سے باندھ کر سڑک پر گھسیٹا تھا۔ ایک راہگیر نے اس کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر جاری کر دی تھی۔ وزارت نے الزام ثابت ہو جانے پر مقامی شہری کو جی سی سی ممالک کے مقررہ قانون کے مطابق جرمانے او رتشہیر کی سزا کا فیصلہ کر لیا۔

 دو مقامی اخبارات میں کتے کے ساتھ ناروا سلوک کی خبر اس کے خرچ پر شائع کی جائے گی اور اس حرکت پر اس کی مذمت بھی ہو گی۔ وزارت کے ترجمان نے انتباہ دیا کہ جو شخص بھی جانوروں کے ساتھ بدسلوکی کرے گا اسے مذکورہ سزا ضرور دی جائے گی۔ ایوان شاہی کی طرف سے جی سی سی ممالک کے جاری کردہ قانون کی توثیق کی جا چکی ہے۔ اباالخیل کا کہنا ہے کہ ادارہ احتساب سے مذکورہ فیصلے کی توثیق ہوتے ہی سزا پر عملدرآمد کر دیا جائے گا۔ تشہیر کی سزا فیصلے کے اجراء کے 60دن بعد دی جائے گی۔