dushwari

یمن سے سعودی عرب پرداغا گیا بیلسٹک میزائل راستے میں ہی تباہ، ویڈیو سامنے آگئی

ریاض:02؍ڈسمبر2017(فکروخبر/ذرائع)یمن سے سعودی عرب کے جنوبی شہر خمیس مشیط پرمیزائل حملہ کیا گیا جسے سعودی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے راستے میں ہی تباہ کردیا اور یہ حملہ ناکام بنا دیا۔عرب میڈیا کے مطابق سعودی فورسز نےیمن کی جانب سے فائر کئے گئے بیلسٹک میزائل حملے کو ناکام بنا دیااور حملے میں کسی کے زخمی یا مارے جانے کی اطلاع نہیں ملی،میزائل سعودی عرب کے جنوبی شہر کی جانب فائر کیا گیا تھا۔

اتحادی افواج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایاکہ شام آٹھ بج کر بیس منٹ پر سعودی رائل ایئرفورس نے یمن کی حدود سے بیلسٹک میزائل کی لانچنگ کی نشاندہی کی جو سعودی عرب کے شہر خمیس مشیط کی طرف بڑھ رہا تھا جسے راستے میں ہی تباہ کردیاگیا۔ ان کا کہناتھاکہ بیلسٹک ہتھیاروں کا حوثی باغیوں سمیت دہشتگردوں کے پاس کنٹرول خطے اور عالمی سیکیورٹی کیلئے خطرہ ہے اور ایسے ہتھیاروں سے آبادیوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے ۔ ترجمان کاکہناتھاکہ مسلح ملیشیاءکی طرف سے شہروں کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنانااس بات کا ثبوت ہے کہ یمن میں مختلف ذرائع اور راستوں سے ہتھیاروں کی سمگلنگ جاری ہے۔ دوسری جانب یمن میں حوثی باغیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ بیلسٹک میزائل حملے میں سعودی افواج کو نشانہ بنایا گیا تاہم سعودی عسکری حکام نے حوثی باغیوں کے دعویٰ کو مسترد کردیا ہے۔