dushwari

معتمرین طواف کعبہ کے لئے زمینی مطاف استعمال نہ کریں، انتظامیہ حرمین شریفین

آبِ زمزم کے کنویں کے منصوبہ پر جاری کام کی وجہ سے مطاف بند کردیا گیا ہے 

ریاض ۔9نومبر2017(فکروخبر/ذرائع)سعودی عرب میں الحرمین الشریفین کی انتظامیہ نے سعودی شہریوں اورمقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مطاف کے زمینی صحن کو کم سے کم استعمال کریں۔اتنظامیہ کا کہنا ہے کہ معتمرین خصوصاً معمر، ضعیف، مریض اورمعذوروں کو زیادہ سے زیادہ سے موقع دیں۔ آب زم زم کے کنویں کی اصلاح و مرمت کے منصوبے پر جاری کام کی وجہ سے مطاف کا بڑا حصہ بند کر دیا گیا ہے۔

حرمین انتظامیہ نے توجہ دلائی کہ زائرین باب فہد کی جانب سے مطاف میں جانے کا اہتمام کریں اور برقی سیڑھیاں استعمال کریں۔زم زم منصوبہ کے دو حصے ہیں۔ ایک کا تعلق زم زم کی 5 پائپ لائنوں کی تنصیب سے ہے۔ یہ مطاف کے مشرقی جانب ہوں گی۔ ان کا مجموعی عرض 8 میٹر اور لمبائی 120 میٹر ہو گی۔دوسرے حصے کا تعلق آب زم زم کے کنویں کے اطراف ماحول کو جراثیم کی آلودگی سے پاک و صاف کرنے والے منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے سے ہے۔ یہ منصوبہ 7 ماہ کے اندر اندر رمضان سے قبل مکمل ہو جائے گا۔