dushwari

سعودی حکومت نے شہزادہ عبدالعزیز بن فہد کی ہلاکت کی تردید کی

ریاض:09؍نومبر2017(فکروخبر/ذرائع)سعودی حکومت نے کرپشن کے خلاف چھاپے کے دوران ایک شہزادے کی ہلاکت کی تردید کردی جب کہ ایک شہزادے کے ایران فرار ہونے کی بھی اطلاع ہے۔سعودی وزارت اطلاعات نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ شہزادہ عبدالعزیز بن فہد کی ہلاکت کی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں اور شہزادہ زندہ اور خیر و عافیت سے ہے۔واضح رہے کہ سعودی حکومت نے کرپشن کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے متعدد شہزادوں سمیت درجنوں اہم شخصیات کو گرفتار کیا ہے۔

اسی دوران یہ خبر سامنے آئی کہ مرحوم شاہ فہد کا بیٹا شہزادہ عبدالعزیز بن فہد مزاحمت کرنے پر گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا تاہم اب سعودی حکومت نے اس خبر کی تردید کردی۔دوسری جانب عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک اور سعودی شہزادے کے ایران فرار ہونے کی خبریں گردش میں ہیں۔ شاہ فہد کے پوتے شہزادہ ترکی بن محمد بن فہد کے بارے میں خبریں گرم ہیں کہ انہوں نے فرار ہوکر ایران میں پناہ لے لی ہے۔اس خبر کے درست ثابت ہونے کی صورت میں مشرق وسطیٰ کے دونوں اہم ممالک سعودی عرب اور ایران کے درمیان پہلے سے موجود کشیدگی میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔