dushwari

چینی صدرکا قصرمربع میں شاندار استقبال

شاہی مہمان کے اعزاز میں گارڈ آف آنرپیش، سعودی تلواربھی دکھائی

سعودی عرب۔21؍جنوری(فکروخبر/ذرائع)جمہوریہ چین کے صدر شی جین پنگ نے اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران تاریخی نوعیت کے حامل قصر مربع کا بھی دورہ کیا جہاں شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود بھی اپنے چینی مہمان کے ہمراہ تھے۔العربیہ  کے مطابق قصر المربع پہنچنے پر چینی صدر کو گارڈ آف آنرپیش کیا گیا۔ اس کے بعد ان کی چائے اور مقامی مشروبات و ماکولات سے تواضع کی گئی۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے چینی صدر کو قصرمربع میں موجود مرحوم شاہ عبدالعزیز آل سعود کے کتابچے، ان کی تصاویر اور ماضی میں استعمال ہونے والے شاہی ملبوسات دکھائے۔ صدر شی جین پنگ نے سعودی عرب کی تاریخی تلوار بھی ہاتھ میں اٹھا کر اس کی تصویر بنوائی۔

قصر المربع کی راہ داریوں میں چلتے ہوئے انہیں شاہ عبدالعزیز کے زیراستعمال رہنے والے دفاتر کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور وہاں رکھے گئے دوسرے ممالک کے شاہی ملبوسات کے بارے میں بھی بتایا گیا۔ آخر میں سعودی شاہی مہمان کے اعزاز میں قصر المربع میں ظہرانہ دیا گیا۔ واپسی پر شاہ سلمان نے صدر پنگ کو قصر المربع کا ایک ماڈل بہ طور تحفہ پیش کیا جس کے بعد چینی صدر اگلی منزل کی جانب روانہ ہو گئے۔