dushwari

بیدر میں طلاق ثلاثہ کے خلاف عمائدین شہر نے آج میمورنڈم دیا

بیدر۔11؍جنوری2018 (فکروخبر /محمدیوسف رحیم بیدری) آج بیدر شہر کے معززین کے ایک کل جماعتی وفد نے محمدفراست علی ایڈوکیٹ صدر کاروان ادب ومرکزی رحمت عالم کمیٹی ضلع بیدر کی زیر قیادت ایک میمورنڈم ڈپٹی کمشنر بید رکے توسط سے صدرجمہوریہ ہند کو پیش کیاہے جس میں تین طلاق پر مرکزی حکومت کے موجود ہ بل کو شریعت میں مداخلت قراردیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے اور اسے واپس لینے کی اپیل کی ہے۔گذشتہ جمعہ درج ذیل قرار داد پیش کی گئی تھی جس کو مسلمانان بید رنے منظوری دی اور آج جمعرات کو ڈپٹی کمشنر بیدر سے ملاقات کرکے قرار دکو یادداشت کی شکل میں پیش کیاگیا۔ قرار داد کا متن حسب ذیل ہے۔ 

مسلمانان ہندبیدر کا یہ احساس ہے کہ ہندوستان میں کئی مذاہب وعقائد کے ماننے والے اور بے شمار زبانیں بولنے والے موجودہیں۔ اس لئے یہ ملک صدیوں سے امن وامان کاگہوارہ رہاہے۔ اسنانی ہمدردی وخلوص کے باعث کثرت میں وحد ت کی پہچان رہا۔ جب دستور ہند کے ساتھ جمہوری نظام حکمرانی کا آغاز ہوا وہیں سے امن مخالف طاقتوں نے اس ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کرناشروع کیا۔ موجودہ مرکزی حکومت نے تین طلاق کے نام پر مسلمانوں کی جانب سے احتجاج و ناراضی کو نظرانداز کرکے شریعت اسلام میں مداخلت کی مذموم حرکت کرتے ہوئے دستور ہند میں بھی راست مداخلت کی ہے ۔ حکومت کایہ عمل ہر کسی کے لئے ناقابل قبول ہے۔ دستور ہند کے مختلف دفعات میں عوام کو مذہبی آزادی کاپور ااختیار دیاگیاہے ۔ شریعت اسلام دراصل حضرت محمد ﷺ کے ذریعہ زمین پر انسانیت کی فلاح و بقا کے لئے مکمل طرح سے موجود قانون الٰہی ہے۔ جسے دنیا کی کوئی طاقت یاکوئی حکمران آج تک تبدیل نہیں کرسکا۔ اگر کسی نے ایسا کرنے کی حماقت کی تو وہ ذلیل وخوار ہوا۔ اور شریعت کا قانون جوں کاتوں موجودہے۔ اور قیامت تک رہے گا۔ آپ سے یہ پرزور مطالبہ ہے کہ آپ مرکزی حکومت پر زور دیں کہ حکومت حالات کی سنگینی کو سمجھے ۔ ہوش کے ناخن لے۔ اور مثبت رخ اختیار کرکے انتہائی خطرناک شریعت مخالف بل کو فوری واپس لے ۔ واپسی کافیصلہ ہر کسی کے مفاد میں ہوگا۔ فوری طورپر اقدام کی ضرورت پر قرار داد میں زور دیاگیا۔ آج کے اس وفد میں جناب محمدلئیق الدین ایڈوکیٹ سابق رکن اسمبلی اور سابق چیرمین کرناٹک وقف بورڈ ، سید جمیل احمد ہاشمی جماعت اسلامی بیدر، مرزاچشتی صابری نظامی ، محمدفراست علی ایڈوکیٹ صدر کاروان ادب ومرکزی رحمت عالم کمیٹی بید ر، سید شاہ اسداللہ حسینی ثاقب حسینی سجادہ نشین بارگاہ حضرت سید ناخواجہ ابوالفیض ؒ ، جناب شاہ ابوالانور کنج نشین جنیدی برادر سجادہ نشین ، محمدنظام الدین صدر جماعت اسلامی ہند بیدر، شاہ جاوید قادری الملتانی متولی بارگاہ حضرت شیخ محمد شمس الدین ملتانی بادشاہ ؒ ، مولاناعلی اکبر شامی رضوی مبلغ سنی دعوت اسلامی ، مولانا مونس کرمانی صدرصفابیت المال،بیدر، اختر محی الدین انجینئر نائب صدر انجمن خادم الحجاج بیدر، جناب حبیب الرحمن سینئر مجلسی قائد بیدر ، محمدغوث قریشی صدر انجمن تحفظ مساجدوقبور ، مولانا خواجہ معین الدین نظامی ناظم مدرسہ معھدانوارالقرآن، سید منصوراحمد قادری انجینئر صدر مجلس اتحادالمسلمین بیدر ، فہیم الدین سیریکار صدر ضلع وقف اڈوائرزی کمیٹی بیدر ، نثاراحمد پانی منتری سابق رکن بلدیہ، اور مولانا عاصم خان معتمد شریعہ بورڈ ودیگر شامل تھے۔ ڈُپٹی کمشنر ڈاکٹر ایچ آرمہادیو نے تیقن دیاکہ یادداشت کو مرکزی حکومت تک پہنچادیاجائے گا۔ 

Urdu-Arabic-Keybaord11

ISLAMIC-MESSAGES