dushwari

پنجاب کا برخاست پولیس انسپیکٹر گرفتار، اس کے پاس سے دو پاکستانی سم بھی برآمد(مزید اہم ترین خبریں )

امرتسر(فکروخبر/آئی بی این خبر) پنجاب کے اجنالا میں پولیس نے رنجیت سنگھ نام کے ایک برخاست اے ایس آئی افسر کو اسمگلروں سے تعلق رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ گرفتار اے ایس آئی کے پاس سے 2 پاکستانی سم بھی برآمد ہوئے ہیں۔ رنجیت پنجاب پولیس میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر رہ چکا ہے۔ منشیات اسمگلنگ کیس میں ملوث پائے جانے پر اسے محکمہ پولیس سے برخاست کر دیا گیا تھا۔ پولیس نے رنجیت کے ساتھ هرجندر سنگھ نامی بدنام منشیات اسمگلر کو بھی گرفتار کیا ہے۔بی ایس ایف کی شکایت پر پولیس نے یہ کارروائی کی۔

تھانہ اجنالا کے ایس ایچ او نے بتایا کہ 27-28 جنوری کی رات کو پاکستان کی سرحد پر بی ایس ایف کی کامل ڈوگر پوسٹ کے پاس جوانوں اور پاکستانی اسمگلروں کے وسط گولہ باری ہوئی تھی جس میں ایک پاکستانی اسمگلر کو مار گرایا گیا تھا۔ مارے گئے اسمگلر کی جیب سے کچھ کاغذات ملے تھے جس سے یہ انکشاف ہوا تھا کہ اے ایس آئی رنجیت اور اسمگلروں کے درمیان تعلقات تھے۔ پولیس کے مطابق رنجیت پاکستانی اسمگلروں کے ساتھ مل کر مسلسل اسمگلنگ کر رہا تھا۔معلومات ملنے پر پولیس نے مقدمہ درج کر تیزی سے کارروائی کرتے ہوئے سرحد کے قریبی گاؤں دھنوئی سے دونوں کی گرفتاری کی۔ پولیس کے مطابق رنجیت سنگھ اور ہرجندر وہاں منشیات اسمگلنگ سے متعلق کام سے پہنچے تھے جسے بی ایس ایف کی کارروائی کی وجہ سے پاکستانی اسمگلر ناکام ہو گئے تھے


شترو گھن سنہا کی اروناچل پردیش میں صدر راج نافذ کرنے کے مرکزی حکومت کے فیصلے پرشدید تنقید 

نئی دہلی ۔31 جنوری (فکروخبر/ذرائع) حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے ناراض رکن پارلیمنٹ شترو گھن سنہا نے ریاست اروناچل پردیش میں صدر راج نافذ کرنے کے مرکزی حکومت کے فیصلے کو شدید تنقیدکا نشانہ بنایا ہے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق شترو گھن سنہا نے ایک بیان میں کہا کہ اگر مرکزی حکومت اروناچل پردیش میں صدر راج نافذ کرنے کے معاملے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کر لیتی تو آسمان نہیں گر جاتا۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی اور ان کے مشیروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر سپریم کورٹ نے صدر راج کے نفاذ کے خلاف فیصلہ سنایا تو یہ لوگ کیا جواب دیں گے، جب معاملہ سپریم کورٹ میں تھا تو ہمیں اور زیادہ محتاط اور ہوشیار رہنا چاہئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کرلیتے تو ہم شرمندگی اور تنازعے سے بچ سکتے تھے۔ شترو گھن سنہا نے کہا کہ نریندر مودی اچھے وزیراعظم ہیں لیکن ان کے مشیر انہیں غلط مشورے دیتے ہیں جن کا انجام غلط سیاسی قدم کی شکل میں نکلتا ہے۔


ہڑتال سے دہلی بے حال، کوڑا اٹھانے خود سڑک پر اترے 'عاپ' کے وزرا، ارکان اسمبلی

نئی دہلی،31جنوری(فکروخبر/ذرائع ) ملک کی راجدھانی دہلی میں تنخواہ نہ ملنے سے ناراض ایم سی ڈی کے ملازمین غیر معینہ مدت کے لئے ہڑتال پر ہیں اور ہڑتال کا آج پانچواں دن ہے۔ دہلی کے ہر حصے میں کوڑے کا انبار لگ گیا ہے۔ اس درمیان آج عام آدمی پارٹی کے کئی ارکان اسمبلی اور وزرا اپنے حامیوں کے ساتھ دہلی کی سڑکوں کو صاف کرنے میں لگ گئے ہیں۔بتا دیں کہ گزشتہ پانچ دن سے کیجریوال حکومت اور دہلی میونسپل کارپوریشن کے درمیان چل رہی رسہ کشی کے درمیان ڈیڑھ لاکھ ملازمین ہڑتال پر ہیں جس سے نہ تو اسکولوں میں پڑھائی ہو پا رہی ہے اور نہ ہی سڑکوں پر صفائی۔ یہی نہیں، ہڑتال میں ایم سی ڈی اسپتالوں کے قریب دو ہزار سینئر ڈاکٹر، پانچ ہزار ریزیڈنٹ ڈاکٹر اور 15 ہزار نرس بھی شامل ہیں۔اس کی وجہ سے لوگوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس ہڑتال سے پیدا بحران کب ختم ہو گا، اس کا جواب نہ تو کیجریوال حکومت کے پاس ہے اور نہ ہی ایم سی ڈی سنبھال رہی بی جے پی کے پاس۔عام آدمی پارٹی کے وزیر کپل مشرا کا کہنا ہے کہ اب ایم سی ڈی کے ملازمین کو اور ملک کے عوام کو بھی سمجھ میں آ گیا ہے کہ گڑبڑ کہاں ہوئی ہے، اس لئے بی جے پی نے بھی اب اس پر بولنا چھوڑ دیا ہے۔ ایم سی ڈی دہلی کی صفائی کرنے میں نااہل ہے، لیکن ہم دہلی کو کوڑے کا ڈھیر نہیں بننے دیں گے۔


راہول گاندھی کا دلت طالب علم روہت ویمولا کے معاملے میں انصاف کا مطالبہ کرنے والے طلبا سے یکجہتی کا اظہار

نئی دہلی ۔31 جنوری (فکروخبر/ذرائع) حزب اختلاف کی جماعت کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے دلت طالب علم روہت ویمولا کے معاملے میں انصاف کا مطالبہ کرنے والے طلبا سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق انہوں نے حیدرآباد یونیورسٹی میں خودکشی کرنے والے دلت طالب علم کے اہل خانہ کو انصاف دلانے کے لئے جاری طلبا کے مظاہرے میں شرکت بھی کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملک میں نوجوانوں کی آواز کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ خودکشی کر کے اپنی جان دینے والے طالب علم روہت ویمولا کی آواز پورے ملک کے نوجوانوں کی آواز ہے جسے ملک کے ہر ادارے میں دبانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔انہوں نے مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم نریندرمودی اور آر ایس ایس نوجوانوں پر اپنے نظریات مسلط کر رہی ہے۔ 


دوا دلانے جا رہے شخص کی حرکت قلب بند ہونے سے موت

شاہ جہاں پور۔31جنوری(فکروخبر/ذرائع )سندھولی تھانہ علاقے کے گاؤں بھڑیری کے باشندے گڈو (۳۵) کا بھائی سنیل ایک عرصے سے بیمار چل رہا تھا گڈو سائیکل سے اپنے بھائی کو شاہ جہاں پور ضلع اسپتال دوا دلوانے کیلئے جا رہا تھا۔ نیگوہی۔ شاہ جہاں پور شاہراہ پر موضع ریوا کے پاس اچانک گڈو کو دل کا دورہ پڑگیا اور وہ سائیکل سے گر گیا۔ اور موقع پر ہی اس کی موت ہوگئی گاؤں والوں نے اس کو اسپتال بھیجا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ 


پیسے کے تنازعہ میں بیٹے نے والد کا قتل کردیا

میرٹھ۔31جنوری(فکروخبر/ذرائع ) اترپردیش میں میرٹھ کے دور لا علاقے میں ایک نوجوان نے لین دین کے تنازع میں اپنے والد کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔پولیس کے مطابق کیلی گاوں کا رہنے والا مہیش شرما (50) اور اس کے بیٹے نتیش کے درمیان پیسے کے لین دینے کے سلسلے میں کل دیر رات تکرار ہوگئی ۔ بات بڑھنے پر نتیش نے اپنے والد کو طمنچہ سے گولی ماردی جس سے ان کی موت ہوگئی۔ یہ واقعہ رات تقریباً ساڑھے بارہ بجے پیش آیا۔انہوں نے بتایا کہ نتیش سعودی عرب گیا تھا جس کے لئے اس کے والد نے قرض لیا تھا۔ واپس لوٹنے پر جب اس سے قرض اتارنے کو کہا تو آپس میں تنازع پیدا ہوگیا۔ واردات کے وقت باپ بیٹے دونوں نشے میں تھے ۔ والد کوقتل کرنے کے بعد ملزم گھر سے فرار ہوگیا ۔ پولیس اسے تلاش کررہی ہے ۔


دو اسمگلر گرفتار ۹۶کچھوے بر آمد 

چندولی۔31جنوری(فکروخبر/ذرائع )اتر پردیش کی ریاستی ریلوے پولس (جی آر پی ) نے چندولی کے مغل سرائے اسٹیشن پر چیکنگ کے دورہن جنگلی جانوروں کی اسمگلنگ کرنے والے گروہ کے دو ممبروں کو گرفتار کرکے ان کے پاس سے 96کچھوے برآمد کئے ہیں۔جی آر پی ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ پلیٹ فارم نمبر ایک سے چیکنگ کے وقت سلطان پور کے رہنے والے ونود اور بابو لال کے پاس سے تین بوریوں میں 96کچھوے بر آمد کئے گئے ۔کچھووں کا وزن دو کونٹل 30کلو ہے ۔گرفتار اسمگلروں نے پوچھ تاچھ کرنے پر بتایا کہ کچھووں کو وہ کولکتہ لے جانے والے تھے۔ برآمدسودھا کچھوا نایاب نسل کے ہیں۔اس نسل کا استعمال مردانہ طاقت کی دوا میں استعمال کیا جاتا ہے ۔خرید دار کچھووں کی اچھی قیمت دیتے ہیں۔یہ لوگ آس پاس کے تالابوں سے کچھووں کو نکال کر بیچنے کا کام کرتے ہیں۔


پولیس تصادم میں لوٹ کے ماسٹر مائنڈ سمیت تین گرفتار 

فتح پور۔31جنوری(فکروخبر/ذرائع )ضلع میں ایس پی کلا ندھی نیتھانی کی ہدایت پر ملزمان کے خلاف چلائی جا رہی مہم کے تحت گزشتہ رات پولیس نے جے رام نگر جنیہا بس اسٹاپ کے پاس تصادم کے دوران تین شاطر لٹیروں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار کئے گئے لٹیروں کے قبضے سے پولیس نے لوٹے گئے ۵۱ ہزار روپئے کی نقدی سمیت سونے چاندی کے زیورات اور کپڑوں کے علاوہ تین طمنچے اور بھاری مقدار میں کارتوس برآمد کیا ہے۔ ایس پی نے واقع کا خلاصہ کرنے والی پولیس ٹیم کو پانچ ہزار روپئے دینے کا اعلان کیا۔ ایس پی میتھانی نے آج اپنے دفتر میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہا رات ان کو مخبر نے اطلاع دی کہ شہر کے جے رام نگر جنیہا چوراہے پر تین شاطر لٹیرے کسی واردات کو انجام دینے کی اسکیم بنا رہے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی ایس پی نے انٹلیجنس ونگ کے انچارج منوج رگھوونشی، سب انسپکٹر، باقر گنج چوکی انچارج پرویز عالم، مرائینا ٹالا چوکی انچارج دھیرندر پرتاب سنگھ، سپاہی راجیش سنگھ، رضوان احمد، رجنیش پانڈے کو موقع پر جا کر لٹیروں کو پکڑنے کی ہدایت دی۔ ایس پی کی ہدایت پر پولیس ٹیم نے موقع پر پہنچ کر چاروں لٹیروں کو سرنڈر کرنے کیلئے للکارہ پولیس کی للکار سنتے ہی چاروں بد معاشوں نے پولیس فورس پر تابڑتوڑ فائرنگ کرنے لگے۔ جواب میں پولیس فورس نے فائرنگ کرتے ہوئے تین لٹیروں کو گرفتار کر لیا اور ایک لٹیرا پولیس کو چکمہ دیکر بھاگ جانے میں کامیاب ہوگیا۔ گرفتار کئے گئے تینوں لٹیروں کے قبضے سے تین طمنچہ اور بھاری مقدار میں کارتوس سمیت لوٹے گئے ۵۱ ہزار روپئے کی نقدی اور سونے چاندی کے زیورات برآمد کئے۔ گرفتار کئے گئے لٹیروں نے اپنے نام منوج کمار ریداس عرف ببلو ساکن نئی بازار کھاگا اور دوسرے نے اپنا نام مہش کمار ریداس ساکن اجی پور اور تیسرے نے مہیندر ریداس ساکن اجی پور تھانہ کھاگا بتایا ہے۔ یہ دونوں سگے بھائی ہیں۔ ایس پی میتھانی نے بتایا کہ لوٹ کی واردات کا ماسٹر مائنڈ منوج ریداس ہے اور اس کے اوپر ڈکیتی لوٹ اور چوری کے آدھا درجن سے زائد مقدمات درج ہیں۔ پولیس نے ملزمان کو جیل بھیج دیا۔


مسلمانوں کو وعدے کے مطابق ۲۰ فیصد ریزرویشن دینے کا مطالبہ

رامپور۔31جنوری(فکروخبر/ذرائع ) انڈین یونین مسلم لیگ کے ریاستی جنرل سکریٹری صفات علی خاں نے کہا کہ اس وقت ریاست میں سماج وادی حکومت جگہ پر غنڈہ راج کی حکومت ہے۔ ملائم سنگھ نے اپنے انتخابی منشور مین مسلمانوں کو سرکاری نوکریوں میں ۱۸ فیصد ریزرویشن دینے کا وعدہ کیا تھا۔ جس میں وہ نا کام ہو چکے ہیں۔ اکھلیش کی حکومت مسلم تعلیم یافتہ نوجوانوں کو سرکاری ملازمت دینے میں ناکام رہی ہے۔ ان کی پولیس مسلم نوجوانوں وک چھوٹے اور فرضی مقدموں میں پھنسا کر انہیں جیلوں میں ٹھوس رہی ہے۔ مظفر نگر فساد جو کہ ان کی سرکار مین ہوا ہے اس میں ایک لاکھ مسلمان آج بھی کھلے آسمان کے نیچے اپنی زندگی گزار رہے ہیں۔ ہزاروں مسلمان فساد میں شہید ہوئے ان کی عورتوں کی عصمتیں تارتار ہوئیں۔ اس کا انہیں کوئی افسوس نہیں ہے۔ لیکن کار سیوکوں کی موت پر افسوس کا اظہار کر رہے ہیں۔ اس سے انکا داغدار چہرا ظاہر ہو رہا ہے۔ مسلمانوں کو کہیں ریزرویشن نا دینا پڑے اور وہ ۲۰ فیصد مسلمانوں کا ووٹ مفت میں لیکر حکومت بنا کر پانچ فیصد اہیروں کو فائدہ پہنچا رہے ہیں۔ لیکن اب مسلمان ان کے بہکانے میں آنے والا نہیں ہے اور ۲۰۱۷ء کے انتخابات میں وہ اس کا منہ توڑ جواب دے گا۔ ملائم سنگھ مفت میں مسجد بچانے کے نام پر مسلمانوں کے ہیرو اور ملا ملائم بن کر ۰۲ فیصد مسلمانوں کا ووٹ حاصل کر کے راج کرتے آرہے ہیں۔ مسلمان اس چال کو سمجھ چکے ہیں اور وہ آنے والے انتخابات میں اس کا سماج وادی پارٹی سے حساب لیں گے۔ 


پرانی رنجش کے سبب نوجوان کو گولی ماری

بریلی۔31جنوری(فکروخبر/ذرائع)پرانی رنجش کے سبب گاؤں کے شہ زوروں نے ایک نوجوان کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔ زخمی کو علاج کے لئے ضلع اسپتال لایاگیا۔ علی گڑھ تھانے کی موضع رجپورا گوٹیا کے سنجیو یادو ولد ستپال یادو کوآج صبح گاؤں کے ہی رہنے والے او مپال اور ننہے عرف نیتر پال نے اس وقت گولی مارکر زخمی کر دیا جب وہ اپنے کھیت میں موجود تھا۔ زخمی کے ودلد نے بتایا کہ اوم پال اور نیتر پال کے پالتو جانور کچھ دن قبل سنجیو کے کھیت میں داخل ہو گئے سنجیو نے جب جانوروں کو کھیت سے نکالنے کے لئے ان کی پٹائی کی تو اسکا نیتر پال اور اوم پال سے جھگڑا ہوگیا۔ دونوں نے سنجیو کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی جس کے سبب آج صبح جب سنجیو اپنے کھیت میں گیا تھا تو دونوں نے اسے گھیر کر طمنچے سے فائر کر دیا۔ گولی سنجیو کے ہاتھ میں لگی اور وہ زخمی ہو گیا۔ اس نے پاس کے کھیتوں میں موجود لوگوں کو مدد کے لئے آواز لگائی تو دونوں حملہ آور فرار ہو گئے۔اطلاع پا کر موقع پر پہنچے گھر والوں نے واقعہ کی شکایت پولیس سے کر دی اور زخمی کو ضلع اسپتال لے گئے۔


بھینس خریدنے جا رہے نوجوان کی حادثہ میں موت

بریلی۔31جنوری(فکروخبر/ذرائع )بھینس خریدنے جا رہے موٹر سائیکل سوار دو نوجوانوں کو پیچھے سے آرہی کسی گاڑی نے ٹکر مار دی جس 
سے ایک کی موت ہو گئی۔ لاش کو پولیس نے اپنے قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔ بھوتا تھانہ علاقے کے موضع نواب داد بہمنان کے باشندے بابو رام کنوجیا کے تیس سالہ بیٹے تیج پال کنوجیا کی آج صبح بتھری چین پور کے موضع رجؤ پرس پور کے پاس ہوئے سڑک حادثہ میں موت ہو گئی۔ جب کہ متوفی کا مامو ذاد بھائی رام بہادر شدید طور سے زخمی ہو گیا۔ پوسٹ مارٹم ہاؤس پر متوفی کے گھر والوں نے بتایا کہ تیج پال اور رام بہادر آج صبح رجؤ پرسپور گاؤں کی بازار سے بھینس خریدنے کیلئے ۵۳ ہزار روپئے لیکر گھر سے موٹر سائیکل لیکر روانہ ہوئے۔ لیکن بازار پہنچنے سے قبل ہی پیچھے سے تیز رفتار آرہی کسی بڑی گاڑی نے ان کی موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی جس سے دونوں موٹر سائیکل سوار شدید طورسے زخمی ہو گئے۔ جب کہ ٹکر مارنے والی گاڑی فرار ہو گئی مقامی لوگوں کی اطلاع کے بعد پہنچی پولیس نے زخمیوں کو علاج کے لئے ایک اسپتال بھیج دیا لیکن تیج پال کی راستے میں ہی موت ہو گئی تھی۔ اطلاع پا کر گھر والے بھی اسپتال پہنچ گئے انہوں نے جب متوفی کے جیب میں رکھے ہوئے ۵۳ ہزار روپؤں کی تلاش کی تو وہ بھی غائب تھے۔ زخمی رام بابو کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ تیج پال کی لاش کو پولیس نے پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔


وائس ایڈمرل لوتھرا نے جنوبی بحریہ کی کمان سنبھالی

نئی دہلی۔31جنوری(فکروخبر/ذرائع )وائس ایڈمرل گریش لوتھرا نے آج جنوبی بحریہ کمان کے فلیگ آفیسر کمانڈنگ ان چیف کا عہدہ سنبھال لیا۔ وائس ایڈمرل لوتھرا کو وائس ایڈمرل سنیل لازبا کے مقام پر یہ ذمہ داری دی گئی ہے جنہیں اب بحریہ کی مغربی کمان کا چارج سونپا گیا ہے ۔ وہ کل اپنا عہدہ سنبھالیں گے ۔ اس موقع پر ایک شاندار پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ نئے کمانڈ کے سربراہ کے روایتی استقبال کے ساتھ کمان کے سابق سربراہ کو الوداعی دی گئی۔ وائس ایڈمرل لوتھرا نے عہدہ سنبھالنے سے پہلے شہید یادگار پر جاکر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

Urdu-Arabic-Keybaord11

ISLAMIC-MESSAGES